جسم فروش خواتین کی ’سیریل کلنگ‘ میں ملوث امریکی فوجی گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 16 ستمبر 2018
امریکی بارڈر فورس کے اہلکار نے یکے بعد دیگرے 4 خواتین کو قتل کیا (فوٹو : فائل)

امریکی بارڈر فورس کے اہلکار نے یکے بعد دیگرے 4 خواتین کو قتل کیا (فوٹو : فائل)

 واشنگٹن: امریکا میں دو ہفتوں کے دوران 4 خواتین کو قتل کرنے کے الزام میں بارڈر پٹرول فورس کے اہل کار کو حراست میں لے لیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی پولیس نے دو ہفتوں کے درمیان 4 خواتین کے بہیمانہ قتل کے معمے کو حل کرلیا، چاروں جسم فروش خواتین کو قتل کرنے والا 34 سالہ جون ڈیوڈ امریکی سرحدی فورس کا ایجنٹ ہے اور سپر وائزر کے عہدے پر فائز ہے۔

جون ڈیوڈ کے شکنجے سے فرار ہونے والی خاتون نے پولیس کو سفاک قاتل سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ جس کی مدد سے پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی۔ جون ڈیوڈ گرفتاری کے وقت ایک ہوٹل کی پارکنگ میں موجود ٹرک میں پناہ لیے ہوا تھا۔

قتل ہونے والی چاروں خواتین جسم فروشی کے دھندے میں ملوث تھیں جنہیں ڈیوڈ نے 3 ستمبر سے 15 ستمبر کے دوران مختلف جگہوں پر بلایا اور بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کر کے لاشیں پھینک دیں تاہم پانچویں خاتون خوش قسمتی سے اہل کار کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہو گئی۔

پولیس نے قتل ہونے والی خواتین کی شناخت ظاہر نہیں کیں تاہم چار میں سے دو مقتول خواتین کا تعلق امریکا سے تھا جب کہ ایک مقتولہ نے اپنی جنس تبدیل کروائی تھی۔

یہ پڑھیں: سوا سو برس پرانا پراسرار کیس حل، اصل جیک دی رپّر سامنے آگیا

 

واضح رہے کہ امریکی حکام نے قاتل جون ڈیوڈ کو ’سیریل کلر‘ قرار دیا ہے جس نے ماضی کے بدنام زمانہ سیریل کلر ’جیک دی رپیر‘ کی طرح جسم فروش خواتین کو قتل کرنا شروع کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔