اقوام متحدہ کے اجلاس میں آسٹریا کی وزیر خارجہ کا عربی میں خطاب

فصیح و بلیغ عربی زبان اقوام متحدہ کی 6 زبانوں میں سے ایک ہے اس لیے خطاب اسی زبان میں کروں گی، کیرن کنائسل


ویب ڈیسک September 30, 2018
آسٹریا کی وزیر خارجہ نے بیروت کی جنگ کے دوران عربی زبان سیکھی تھی۔ فوٹو : سوشل میڈیا

آسٹریا کی وزیر خارجہ کیرن کنائسل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عربی زبان میں خطاب کیا جس پر لوگ حیرت زدہ رہ گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73 ویں اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب آسٹرین وزیر خارجہ کیرن کنائسل نے اپنی قومی زبان کے بجائے عربی زبان میں خطاب شروع کیا۔

وزیر خارجہ نے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ عربی اقوام متحدہ کی 6 دفتری زبانوں میں شامل ہے، ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں کام کرنے کے اور بیروت کی جنگ کے دوران عربی زبان سیکھنے کا موقع ملا، اس لیے آج میرا خطاب اسی فصیح و بلیغ زبان میں ہوگا۔

آسٹرین وزیر خارجہ نے جرمن شاعر اور ڈرامہ نویس برتولت ہریخت کے اشعار بھی سنائے جس میں نظر انداز کیے گئے ستم رسیدہ اور المیے سے دوچار افراد کی درد بھری آواز کو مقتدر حلقوں تک پہنچانے کی تحریک دی گئی تھی۔

کیرن کنائسل نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے دنیا بھر اور بالخصوص مشرق وسطیٰ کے زخم رسیدہ شہریوں کے دکھوں پر نہ صرف آواز اُٹھائی جا سکتی ہے بلکہ ان کے دکھوں کا مداوا بھی کیا جا سکتا ہے۔

مقبول خبریں