نواز شریف نے کبھی العزیزیہ اور ہل میٹل کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کیا تفتیشی افسر

کسی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ العزیزیہ اور ہل میٹل کے قیام کے لیے فنڈ حسین نواز نے فراہم کیے، محبوب عالم


ویب ڈیسک October 10, 2018
کسی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ العزیزیہ اور ہل میٹل کے قیام کے لیے فنڈ حسین نواز نے فراہم کیے، محبوب عالم فوٹو:فائل

العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کبھی العزیزیہ اور ہل میٹل کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کیا۔

احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے گواہ تفتیشی افسر محبوب عالم پر جرح کی۔ خواجہ حارث کے سوالات کے جواب میں تفتیشی افسر محبوب عالم نے بتایا کہ کسی گواہ نے بیان نہیں دیا کہ حسین اور حسن نواز نے ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ (ایچ ایم ای) کے قیام میں نوازشریف کی معاونت کی، کوئی ایسا گواہ پیش نہیں ہوا جس نے بتایا ہو کہ العزیزیہ اسٹیل مل کب قائم ہوئی، اس کے قیام کے لیے اسپانسر فنڈنگ کا بھی کسی نہیں بتایا۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ نواز شریف نے العزیزیہ اور ہل میٹل کے مالک ہونے کا کبھی دعویٰ نہیں کیا، کسی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ العزیزیہ اور ہل میٹل کے قیام کے لیے فنڈ حسین نواز نے فراہم کیے، نواز شریف نے اپنے کسی خطاب، سپریم کورٹ یا جے آئی ٹی کے سامنے خود کو کمپنیوں کا مالک نہیں کہا۔

جرح کے دوران محبوب عالم نے بتایا کہ چوہدری شوگر مل، حدیبیہ ملز اور دیگر کمپنیوں کی ورکنگ سے واقفیت رکھنے والے کسی شخص کو شامل تفتیش نہیں کیا، جے آئی ٹی میں پیش ہونے والے تمام افراد نے کہا کہ العزیزیہ اسٹیل مل میاں شریف نے قائم کی۔

احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

مقبول خبریں