بھارتی تاجر کی جانب سے دیوالی کے موقع پر دی گئی کاریں(فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
گجرات میں ہیروں کے مشہور تاجر ساوجی بھائی ڈھولکیا نے دیوالی کے تہوار پر اپنے 600 مستحق ملازمین کو گاڑیاں تحفے میں دے دیں جن میں قیمتی برانڈز بھی شامل ہیں۔
ڈھولکیا ہیروں کی ایک کمپنی شری ہری کرشنا ایکسپورٹس کے مالک ہیں اس سے قبل بھی وہ اپنے ملازموں کو مراعات دینے کے واقعات کے باعث دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے ہیں اور اس بار انہوں نے کان سے ہیرے نکالنے والے مزدوروں کو قیمتی گاڑیاں دی ہیں۔
اس ضمن میں چار محنتی اور قابل ملازمین کو بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی گاڑیوں کی چابیاں پیش کریں گے جن میں ایک اسپیشل خاتون بھی شامل ہیں۔
مراعات دینے کے لیے 1500 ملازمین منتخب کیے گئے ان میں سے 600 منتخب ملازمین کو کاریں اور بقیہ 900 ملازمین کو فکسڈ ڈپازٹ منافع سرٹیفکیٹس دیئے گئے ہیں۔
چار ملازمین نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے چابیاں لیں گے بعدازاں وزیر اعظم ویڈیو کانفرنس کے ذریعے گجرات میں موجود ملازمین سے خطاب بھی کریں گے۔
سال 2011ء سے یہ کمپنی اپنے ملازمین کو 50 کروڑ روپے کے بونس، 500 فلیٹس اور زیورات تحفے بھی دے چکی ہے اور اب کاریں دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 600 کاروں میں مقامی اور درآمد شدہ گاڑیاں شامل ہیں جن میں مرسڈیز بینز جی ایل ڈی، ڈاٹسن ریڈی، ماروتی سوزوکی، فیاٹ اور دیگر برانڈز شامل ہیں۔