ویمنز ورلڈٹی 20 گرین شرٹس ابتدائی آزمائش میں لڑکھڑا گئیں

آسٹریلیا 52رنز سے فتحیاب، آج روایتی حریف پاک بھارت ٹیموں کا ٹکراؤ ہوگا


Sports Desk November 11, 2018
ویسٹ انڈیزکیخلاف بنگلہ دیش46پرڈھیر،ڈوٹن نے5رنزدے کر5 وکٹیں اڑادیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی20 میں گرین شرٹس ابتدائی آزمائش میں لڑکھڑا گئیں، آسٹریلیا نے انھیں52رنز سے زیرکرلیا۔

پاکستان سے مقابلے میں آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 165 رنز بنائے، الیسا ہیلی اور بیتھ مونی نے یکساں طور پر 48،48 رنز اسکور کیے،کپتان میگ لیننگ34 بالز پر 41 رنز بناکر پویلین واپس گئیں، عالیہ ریاض نے 25 رنز دے کر 2 وکٹیں اپنے نام کیں، نشری سندھو نے 2 وکٹوں کے حصول میں 43 رنز دیے۔

گرین شرٹس جوابی اننگز میں8 وکٹ پر 113 رنز تک محدود رہیں، اوپنرز عائشہ ظفر 2 اور ناہیدہ خان 9 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں، بسمہٰ معروف 25 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، عمیمہ سہیل نے 11 بالز پر 20 رنز اسکور کیے جس میں 2 باؤنڈریز شامل رہیں،ثنامیر 20 پر ناٹ آؤٹ رہیں، سدرہ نواز 13 رنز بناکر میدان بدر ہوئیں، میگن شیٹ اور جورجیا ویرہام نے 2،2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

ایونٹ کے تیسرے مقابلے میں میزبان ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 60رنز سے مات دیدی، فاتح الیون نے 8 وکٹ پر 106رنزجوڑے،کائیسانائٹ32 اورکپتان اسٹیفنی ٹیلر 29 رنز بناکر نمایاں رہیں، جہاں آرا عالم نے 3 اور رومانہ احمد نے 2 وکٹیں لیں،ناکام سائیڈ 14.4 اوورز میں 46 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

فرغانہ حق کے 8 رنز سب سے زیادہ ثابت ہوئے،کوئی بھی پلیئر انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک نہیں پہنچا سکی، دیندرا ڈوٹن نے 3.4 اوورز میں 5رنز دے کر5 وکٹیں اپنے نام کیں، یہ ٹوئنٹی 20 میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ بھی بنا، شکیرا سلمان نے 2 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔

 

مقبول خبریں