’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی ناکامی نے شاہ رخ خان کوبھی افسردہ کردیا

عامر کبھی بھی ایسی فلم نہیں کرتا جس میں وہ اپنی بہترین پرفارمنس نہ دے، شاہ رخ خان


ویب ڈیسک November 15, 2018
امیتابھ بچن اورعامر خان بہترین آرٹسٹ ہیں وہ بہترین پروجیکٹ کے ساتھ واپس آئیں گے، شاہ رخ خان فوٹوفائل

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے' فلم ٹھگز آف ہندوستان' کی ناکامی اورسوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کے ساتھ جو کچھ ہوا اسے دیکھ کردل ٹوٹ گیا۔

حال ہی میں برطانوی اخباردی ٹیلی گراف کوانٹرویودیتے ہوئے شاہ رخ خان نے اپنے دوست عامرخان کی فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے کہا فلم کے ساتھ جو کچھ ہوا اسے دیکھ کر دل ٹوٹ گیا کچھ لوگ فلم کے ساتھ بہت ہی سختی سے پیش آئے۔

کنگ خان نے کہا کہ میں کچھ کہنا چاہتا ہوں مجھے نہیں معلوم یہ کہنا صحیح ہوگا یا غلط لیکن میں پھربھی یہ بات شیئرکرنا چاہتا ہوں کہ جب میرے ساتھ ایسا ہوا تھا تو مجھے اتنا برا نہیں لگا تھا لیکن مجھے عامرخان کے لیے بہت برا لگ رہا ہے، ایک فلم اچھی بھی ہوسکتی ہے اور بری بھی کوئی بھی یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ میں نے دنیا کی سب سے اچھی فلم بنائی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: 'ٹھگز آف ہندوستان' شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام

اداکار نے کہا کہ مسٹربچن اورعامر خان کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ سینما کی بہتری کے لیے کام کیا ہے، عامر خان نے گزشتہ 10 برسوں میں ہندی سینما میں اپنی بہترین خدمات دی ہیں لہٰذا اب جب ان کی فلم لوگوں کی امیدوں پرپوری نہیں اتری تو ہمیں یہ بھول جانا چاہئے کہ انہوں نے سینما کے لیے کیا کیا؟ مجھے لگتا ہے کچھ لوگوں نے فلم کے لیے بہت سخت الفاظ استعمال کیے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا حوصلہ ٹوٹ گیا وہ بہترین آرٹسٹ ہیں اوربہترین پروجیکٹ کے ساتھ واپس آئیں گے۔

شاہ رخ خان نے مزید کہا میں عامرخان کو گزشتہ 20 برسوں سے جانتا ہوں، عامر کبھی بھی ایسی فلم نہیں کرتا جس میں وہ اپنی بہترین پرفارمنس نہ دے شاید ہی کوئی ایسا ہو جوعامر سے زیادہ محنت کرتا ہو جب کہ عامربھی میری اس بات سے اتفاق کرے گا۔

واضح رہے کہ 325 کروڑ کے بڑے بجٹ سے بننے والی فلم ' ٹھگز آف ہندوستان ' باکس آفس پرناکام ہوگئی ہے، فلم میں عامر خان، امیتابھ بچن، کترینہ کیف اورفاطمہ ثنا شیخ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

مقبول خبریں