یمن میں حوثی باغیوں کا مشروط سیز فائر کا اعلان

ویب ڈیسک  پير 19 نومبر 2018
یمن میں جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی قیادت متحرک ہے۔ فوٹو : فائل

یمن میں جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی قیادت متحرک ہے۔ فوٹو : فائل

صنعاء: یمن میں سعوی اتحادی افواج سے برسر پیکار حوثی باغیوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمنی حکومت کو مشروط سیز فائر کی پیشکش کردی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمن کی فوج پر ڈرون اور میزائل حملے روکنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سعودی اتحاد یمن میں قیام امن کے لیے سنجیدہ ہے تو ہم بھی سیز فائر کرنے کو تیار ہیں۔

حوثی باغیوں کے کمانڈر محمد علی الحوثی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایک وفد سے رابطے کے بعد ڈرون اور میزائل حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مکمل سیز فائر کے لیے اتحادی افواج کے اقدامات کے منتظر ہیں۔

گزشتہ ہفتے سعودی اتحادی افواج نے بندرگاہ الحدیدہ کے کنٹرول کے لیے جاری جنگ کے دوران سیز فائر کا اعلان کیا تھا لیکن اس اعلان کے بعد بھی حوثی باغیوں نے حملے بند نہیں کیے تھے۔

دونوں گروپوں کی جانب سے سیز فائر کا اشارہ دراصل عالمی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی فریقین سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ سال کے آخر تک سویڈن میں امن کے قیام کے لیے مذاکراتی عمل کا آغاز کیا جانا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔