ملائیشیا میں سندھ حکومت کے تحت مینگو فیسٹیول کاانعقاد

دبئی فیسٹیول میں 500 ٹن آم کی کھپت ہوئی، یہاں بھی کامیابی متوقع ہے، زبیر موتی والا


Business Reporter June 27, 2013
پاکستانی اور ملائیشین تاجروں میں ملاقاتیں بھی کرائی جارہی ہیں، پاکستانی ہائی کمشنر فائل فوٹو

ملائیشیا میں پاکستانی آم اورآم سے تیار ہونے والی پروڈکٹس کو زبردست پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔

سندھ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین محمد زبیر موتی والا نے بتایا کہ سندھ سرمایہ کاری بورڈ اور محکمہ زراعت سندھ نے ملائیشین مارکیٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملائیشین کیپٹل کے اشتراک سے کوالالمپور ملائیشیا میں پہلی بار مینگو فیسٹول منعقد کیا جس میں ملائیشین عوام کے لیے سندھ میں کاشت ہونے والے ذائقے داراوربہترین معیار کے آم کے اسٹالز لگائے گئے۔ مینگوفیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے زبیر موتی والا نے کہا کہ سندھ میں مختلف اقسام کے آم کی پیداوار ہوتی ہے اور انہی سے مختلف پراڈکٹس بشمول مینگو آئس کریم، مینگوموز، مینگوسوفل، مینگوٹرائفل، ٹارٹ، پڈنگ اورمینگو کیک تیار کیے جاتے ہیں۔



انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل دبئی میں بھی سندھ کے آم کا فیسٹیول منعقد کیا گیا تھا جس میں 2 ہفتے کے دوران 500 ٹن آم کی کھپت ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں پیدا ہونے والے مختلف اقسام کے آم اور بائی پراڈکٹس کواسی نوعیت کی کامیابی ملائیشین مارکیٹ سے بھی متوقع ہے، ملائشین درآمد کنندگان کوچاہیے کہ وہ پاکستان بالخصوص سندھ میںموجود سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے استفادہ کریں کیونکہ فی الوقت سندھ میں 80 معروف بین الاقوامی کمپنیاں کامیابی کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔

زبیر موتی والا نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ میں زراعت، توانائی، انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع موقع موجود ہیں۔ کوالالمپورمینگوفیسٹیول کے دوران ملائیشیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرشاہد کیانی نے کہا کہ مینگو فیسٹیول سے سندھ کے آم کو ملائیشیا اور بین الاقوامی سطح پر مزید پذیرائی حاصل ہوگی، اس قسم کے فیسٹیول سے پاکستانی آم کی برآمد میں اضافہ اور امپورٹرز و ایکسپورٹرز کے درمیان باہمی رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

شاہد کیانی نے بتایا کہ فیسٹیول کے ساتھ پاکستان بزنس مین اور ملائیشین بزنس مین کے درمیان بی ٹو بی میٹنگز بھی کرائی جارہی ہیں تاکہ پاکستان اورملائیشین مارکیٹوں تک رسائی آسان بنائی جاسکے۔

مقبول خبریں