وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہیلی کاپٹر کا استعمال خزانے پر بوجھ بن گیا

نمائندہ ایکسپریس  پير 14 جنوری 2019
سردار عثمان بزدار نے وی آئی پی فلائٹس کے لئے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز مانگ لیے۔ فوٹو:فائل

سردار عثمان بزدار نے وی آئی پی فلائٹس کے لئے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز مانگ لیے۔ فوٹو:فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے ہیلی کاپٹر کا استعمال خزانے پر بوجھ بن گیا اور انہوں نے وی آئی پی فلائٹس کے لئے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز مانگ لیے۔

وزیراعلی پنجاب نے وی آئی پی فلائٹ کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری دینے کے لئے کل منگل کو صوبائی زیلی کابینہ برائے خزانہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں وی آئی پی فلائٹس کے لئے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائیگی۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے کیبنٹ ونگ کی جانب سے اجلاس طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال حکومت پنجاب نے وزیراعلی کے سفر کے لیے 14 کروڑ 67 لاکھ روپے مختص کیے ہیں لیکن یہ اضافی فنڈز مختص کردہ فنڈز سے الگ مانگے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔