حنیف محمد کی طبیعت بہتر، آج اسپتال سے ڈسچارج ہونگے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 18 جولائی 2013
ٹیکنالوجی 100 فیصد بے عیب نہیں مگر پھر بھی استعمال کے حق میں ہوں، سابق قائد۔ فوٹو: فائل

ٹیکنالوجی 100 فیصد بے عیب نہیں مگر پھر بھی استعمال کے حق میں ہوں، سابق قائد۔ فوٹو: فائل

لندن: پاکستان کے سابق عظیم بیٹسمین حنیف محمد جمعرات کو اسپتال سے ڈسچارج ہوں گے۔

کینسر کے علاج کے بعد ان کی حالت کافی بہتر ہے، ان کا کہنا ہے کہ میرا کرکٹ دیکھتے ہوئے وقت اچھا گزرگیا، پاکستان کے ویسٹ انڈیز سے دونوں میچز بھی دیکھے۔ تفصیلات کے مطابق 1950 اور 1960 کی دہائی کے عظیم ترین کھلاڑی حنیف محمد کا لندن میں 9 جولائی کو آپریشن ہوا تھا، جس کے بعد ان کی حالت کافی بہتر اور انھیں جمعرات کو اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے، انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سرجری کے بعد میری تمام رپورٹس نارمل آئی ہیں۔

ڈاکٹر روبرٹ ہچنز کو کوئی ایسی وجہ دکھائی نہیں دیتی جس سے مجھے جمعرات کے بعد بھی اسپتال میں رکنا پڑے، میں یہاں سے ویمبلے میں موجود اپنی بیٹی سیما کے گھر منتقل ہوجاؤں گا، میرا پیٹ قدرے پھول گیا تھا مگر اب بہتر ہے، بلڈ پریشر بھی بڑھ گیا تھا لیکن اب وہ بھی کنٹرول میں ہے، جب تک میں ڈسچارج ہوں گا مجھے ٹھوس غذا کھانے کی اجازت بھی مل جائے گی۔ حنیف محمد خود کو زیادہ دیر اپنے پسندیدہ موضوع کرکٹ پر بات کرنے سے باز نہیں رکھ سکے۔

انھوں نے بتایا کہ گذشتہ روز میں نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا گیانا میں کھیلا جانے والا دوسرا ون ڈے دیکھا، میرا چھوٹا بیٹا شاہ زیب اور اس کی  اہلیہ ثنا بھی ٹی وی کے آگے جمے بیٹھے تھے، میں نے اتوار والا میچ بھی دیکھا تھا جس میں پاکستان نے 126 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کی، اس سے پہلے میں ٹرینٹ برج میں ہونے والا ایشز ٹیسٹ دیکھتا رہا، اچھی بات یہ تھی کہ وہ 5 دن تک گیا، یہ ایک سنسنی خیز مقابلہ تھا جس میں انگلینڈ مضبوط بن کر اُبھرا۔

ڈی آر ایس کے بارے میں سوال پر حنیف محمد نے کہا کہ اگرچہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ ٹیکنالوجی 100 فیصد بے عیب نہیں مگر پھر بھی میں اس کے استعمال کے حق میں ہوں،اس سے فائدہ اٹھانا نظر انداز کرنے سے کہیں بہتر ہے، اس سے کھیل تھوڑا شفاف ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔