اسلامی فوجی اتحاد کا وفد راحیل شریف کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا

ویب ڈیسک  اتوار 10 فروری 2019
موجودہ صورتحال میں اسٹریٹجک حوالے سے اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ دورہ اہم تصور کیا جارہا ہے (فوٹو: فائل)

موجودہ صورتحال میں اسٹریٹجک حوالے سے اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ دورہ اہم تصور کیا جارہا ہے (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: چالیس ممالک کے اسلامی فوجی اتحاد کا وفد جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا وفد دو روزہ قیام میں وزیر اعظم، آرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کا وفد اتوار کی رات پاکستان پہنچ گیا جس کی قیادت پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کررہے ہیں۔ اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے جو کہ پاکستان میں دو روز قیام کرے گا۔

وفد کی اپنے قیام کے دوران جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔ جنرل (ر) راحیل شریف وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کریں گے۔ اسلامی فوجی اتحاد کا وفد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرے گا۔

ملاقاتوں میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے متعلق اہم امور پر بات چیت ہوگی اور خطے کی صورتحال زیر غور آئے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقات کے دوران اسلامی فوجی اتحاد کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر بھی گفتگو ہوگی۔

ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں اسٹریٹجک حوالے سے اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ دورہ اہم تصور کیا جارہا ہے۔ دو روز قیام کے بعد وفد کی واپسی منگل کو متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔