سرگودھا یونیورسٹی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک  جمعرات 14 فروری 2019
گزشتہ روزطالبہ شانزہ کومل نے ڈاکٹرساجد کے خلاف ویڈیو بیان بھی اپ لوڈ کیا تھا: فوٹو: فائل

گزشتہ روزطالبہ شانزہ کومل نے ڈاکٹرساجد کے خلاف ویڈیو بیان بھی اپ لوڈ کیا تھا: فوٹو: فائل

بھکر: یونیورسٹی آف سرگودھا بھکرکیمپس کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کے خلاف طالبہ کو جنسی ہراساں کرنے کا مقدمہ درج  کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا بھکرکیمپس کے ریاضی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹرساجد اقبال کے خلاف طالبہ کو جنسی ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ ریاضی ڈیپارٹنمٹ میں بی ایس کی طالبہ شانزہ کومل کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آرمتن کے مطابق ڈاکٹرساجد اقبال طالبات کو اپنے کمرے میں بلا کر حراساں کرتے ہیں اور اپنے مزموم مقاصد کے لیے بلیک میل بھی کرتے ہیں۔

دوسری جانب شعبہ ریاضی کے ہیڈ ڈاکٹرساجد اقبال کے خلاف فیس بک پرایک پیج بھی بنایا گیا ہے جس پرگزشتہ روزطالبہ شانزہ کومل نے ڈاکٹرساجد کے خلاف ویڈیو بیان بھی اپ لوڈ کیا تھا۔

شانزہ کومل کے والد محمد یعقوب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرساجد اقبال کے خلاف آواز بلند کرنے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اس لیے بیٹی کو یونیورسٹی بھیجنا بند کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔