سراج درانی کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  بدھ 20 فروری 2019
سوال یہ ہے کہ کلبھوشن کو وقت سے پہلے ریٹائر کیوں کیا گیا، فواد چوہدری، فوٹو: فائل

سوال یہ ہے کہ کلبھوشن کو وقت سے پہلے ریٹائر کیوں کیا گیا، فواد چوہدری، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نیب  ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے اور آغا سراج درانی کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔    

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کیس میں پاکستان نے دلائل مکمل کر لیے ہیں، پاکستان نے عالمی عدالت میں کلبھوشن کیس  کو زبردست طریقے سے پیش کیا، برطانوی کمپنی نے کنفرم کیا ہے کہ کلبھوشن  کا پاسپورٹ اصلی ہے یہ اصل انڈین پاسپورٹ اس کے پاس کیسے آیا تھا یہ ہم تو نہیں دے سکتے تھے، پاسپورٹ اصلی تھا تو کلبھوشن  پاکستان میں کیا کر رہے تھے؟ بھارت چاہتا ہے کہ اسے بری اور رہا کریں، یہ اس کی بچگانہ سوچ ہے جب کہ ہم نارملائزیشن چاہتے ہیں اس لیے وزیر اعظم نے پلوامہ معاملے کی تحقیقات کی پیشکش  کی ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ  دنیا بھر میں بھارت تنہا ہوگیا ہے اگر آپ اشتعال انگیزی کریں گے تو اسی زبان میں جواب دیا جائے گا اگر آپ مذاکرات کریں گے تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں، پاکستان میں لوگوں نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں، انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور انتہا پسندہندو بھارت میں مسلمان خصوصاً کشمیریوں کو نشانہ بنارہے ہیں ، اس پرہمیں شدید تشویش ہے، ان مظالم پر  انسانی حقوق کے علمبرداروں کو آواز اٹھانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا

اسپیکرسندھ اسمبلی کی گرفتاری پر وزیراطلاعات نے کہا کہ آغاسراج درانی کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، اس معاملے میں حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے ،نیب ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو آزادی سے اپنا کام کررہا ہے، نیب سے کوئی تعلق ہوتا تو ہمارے وزیر پکڑے نہ جاتے، جس طرح نیب نے پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کو گرفتار کیا اسی طرح آغا سراج درانی کو بھی گرفتار کیا گیا، ہم سمجھتے ہیں احتساب کا عمل آزادنہ طور پر ہونا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔