جیلوں کے اطراف غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں آئی جی

جرائم پیشہ عناصر کی نگرانی کی جائے،ہر وقت پولیس ایکشن کو یقینی بنایا جائے


Staff Reporter July 31, 2013
آئی جی نے ہدایات جاری کیں کہ تمام تھانہ جات کو فورتھ شیڈول لسٹ پر قانون کے مطابق عمل درآمد اور اس حوالے سے بلا امتیاز اور غیر جانبدارانہ اقدامات کا پابند بنایا جائے. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: انسپکٹر جنرل پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پروایکٹو پولیسنگ حکمت عملی و لائحہ عمل کے تحت صوبے کی تمام جیلوں کے اطراف سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات اختیار کیے جائیں۔

اس ضمن میں ضلعوں کے ایس ایس پیز جیل خانہ جات سندھ کے تمام ڈی آئی جیز اور جیل سپرٹنڈنٹ سے باقاعدہ مشاورت کو ترجیح دیں تاکہ سیکیورٹی اقدامات کو ہر لحاظ سے موثر و مربوط بنایا جا سکے، انھوں نے کہا کہ انٹیلی جینس کلیکشن، ریکی اور دیگر انٹیلی جینس ایجنسیوں سے روابطہ اور شیئرنگ نظام کی بدولت جرائم پیشہ اور شر پسند عناصر کی کڑی نگرانی کی جائے، کسی بھی قسم کی اطلاع کو فالو کرتے ہوئے ہر وقت پولیس ایکشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ ممکنہ ناخوشگوار واقعے کا قبل از وقت انسداد کیا جا سکے۔



انھوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام تھانہ جات کو فورتھ شیڈول لسٹ پر قانون کے مطابق عمل درآمد اور اس حوالے سے بلا امتیاز اور غیر جانبدارانہ اقدامات کا پابند بنایا جائے، انھوں نے ہدایات دیں کہ صوبے بھر سے ممکنہ وال چاکنگ کے خاتمے اور اشتعال انگیز تقاریر پر مشتمل مواد کی تقسیم کی روک تھام کے حوالے سے تمام تر اقدامات کو انتہائی ٹھوس بنایا جائے۔

مقبول خبریں