امریکا انسداد دہشت گردی کے لیے افغانستان میں موجود رہے گا امریکی مشیر قومی سلامتی

امریکا طالبان پر اندھا اعتماد کرنے کو تیار نہیں، جان بولٹن


ویب ڈیسک March 05, 2019
امریکا طالبان پر اندھا اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ جان بولٹن فوٹو : فائل

امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے کہا ہے کہ امریکا دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے افغانستان میں موجود رہے گا۔

امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ وائٹ ہاؤس انتظامیہ طالبان پر اندھا اعتماد کرنے کو تیار نہیں اس لیے اہم سیکیورٹی حکام افغاستان میں دہشت گردی کو 'کاؤنٹر' کرنے کے لیے امریکی فوج کے کچھ دستوں کی موجودگی پر غور کر رہے ہیں۔

جان بولٹن کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے امریکا میں بڑے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے اور آئندہ ہفتے پیشرفت سامنے آسکتی ہے۔ یہ ایک بہت اہم نکتہ ہے جس پر سیکیورٹی حکام سر جوڑ کر بیٹھے ہیں۔ افغانستان سے امریکی فوجیوں کے مکمل انخلاء سے معاملات بگڑ سکتے ہیں۔

امریکی مشیر قومی سلامتی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور طالبان کے درمیان 'افغان امن مذاکرات' کے سلسلے میں ہونے والے مسلسل ادوار اب منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں اور فریقین کے درمیان معاہدہ طے پاتا نظر آرہا ہے جس کے تحت امریکا افغانستان سے اپنی فوجیں بلا لے گا بشرط یہ کہ طالبان افغانستان میں داعش اور القاعدہ کو پنپنے نہیں دے۔

مقبول خبریں