ڈرون حملے عالمی قوانین اورملکی سالمیت کیخلاف ہیںمحنتی

حکومت ڈرون حملے رکوانے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ سے نکلنے کا اعلان کرے


Staff Reporter August 25, 2012
حکومت ڈرون حملے رکوانے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ سے نکلنے کا اعلان کرے. فوٹو فائل

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے مسلسل ڈرون حملوں اور اس کے نتیجے میں بے گناہ افراد کی ہلاکتوں کی سخت مذمت کی اورکہا کہ حکمرانوں کی امریکا نواز پالیسیوں نے پورے ملک کو امریکا کی چراگاہ میں تبدیل کردیا ہے، امریکا جب چاہتا ہے پاکستانی شہریوںکو خاک وخون میں نہلاتا اور ملکی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتا ہے مگر حکمراں جرات اور غیرت کا مظاہرہ کرنے اور امریکا سے سخت احتجاج کرنے کے بجائے مٹی کے بت بنے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ عیدالفطر کے دن ڈرون حملہ اور شہریوں کی شہادت لمحہ فکریہ ہے، انھوں نے کہاکہ ڈرون حملوں پر امریکا سے محض احتجاج اور امریکی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی نمائشی اقدام ہے، ڈرون حملے رکوانے کیلیے حکومت عملی اقدامات کرے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ سے نکلنے کا اعلان کرے، پاکستانی سرزمین پر ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین اور ملکی سالمیت و خودمختاری کیخلاف ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ایک جانب ہمارے حکمراں امریکی خوشنودی کیلیے تمام حدوں کو پارکررہے ہیں جبکہ دوسری جانب امریکا دوستی کے صلے میں لاشوں کے تحفے دے رہا ہے، انھوں نے کہاکہ ڈرون حملوںکے نتیجے میں ملک میںبڑے پیمانے پر نفرت و انتقام کا جذبہ فروغ پا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی کوشش اس وقت تک بار آور نہیں ہوسکتیں جب تک دہشت گردی کے فروغ کے اسباب کاخاتمہ نہیں کیا جاتا۔

مقبول خبریں