وکیل کے سسر کا انتقال، الیکشن کمیشن میں سہیل آفریدی کیخلاف کیس کی سماعت ملتوی

کمیشن نے مرتضیٰ جاوید عباسی کیخلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا


ویب ڈیسک December 10, 2025

اسلام آباد:

الیکشن کمیشن میں وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کے خلاف الیکشن عملے کو دھمکانے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، سہیل آفریدی اور شہر ناز عمر ایوب کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، درخواست گزار بابر نواز خان کے وکیل بھی الیکشن کمیشن میں موجود تھے۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے کمیشن کو بتایا کہ سہیل آفریدی کے وکیل علی بخاری کے سسر وفات پا گئے ہیں، میں سہیل آفریدی کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کر رہا ہوں۔

ممبر کے پی کے نے سوال کیا کہ آپ سرکاری حیثیت میں کیسے ایک شخص کی نجی حیثیت میں نمائندگی کر سکتے ہیں، یہ ایک شخص کا ذاتی کیس ہے ریاست سے اس کا کوئی تعلق نہیں جس پر ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ میں صرف علی بخاری کی جانب سے التواء کی درخواست کر رہا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل صاحب آپ کی تو صوبے میں ضرورت ہے یہاں کیا کر رہے ہیں، ممبر کے ہپی کے نے کہا چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کہتے رہتے ہیں کہ ایڈووکیٹ جنرل تو نظر ہی نہیں آتا۔

سماعت کے دوران شہر ناز عمر ایوب کے وکیل نے تحریری جواب جمع کروا دیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔

شہر ناز عمر ایوب نے الیکشن کمیشن میں فارم 47 فراہم نہ کرنے کی شکایت کی ہے اور انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

مرتضیٰ جاوید عباسی کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس:

دریں اثنا الیکشن کمیشن میں مرتضیٰ جاوید عباسی کے خلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی بھی سماعت ہوئی، جاوید عباسی اور ان کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی کے وکیل نے کمیشن میں موقف اختیار کیا کہ انکے موکل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی، الیکشن کمیشن نے کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

حذیفہ رحمٰن کی اپیل پر سماعت:

این اے 185 مظفرگڑھ میں حذیفہ رحمان پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پچاس ہزار روپے جرمانہ پر اپیل کی سماعت ہوئی۔ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ثقافت حذیفہ رحمان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، الیکشن کمیشن نے حذیفہ رحمان کی اپیل پر سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔

 حذیفہ رحمان پف ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا

پی پی 269 میں دوبارہ گنتی کا کیس:

دریں اثنا پی پی 269 میں دوبارہ گنتی کا معاملے پر درخواست گزار آزاد امیدوار اقبال خان کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، درخواست گزار الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کے وکیل کدھر ہیں؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ میرا وکیل لاہور میں موجود ہے اس لیے ذاتی نوعیت میں پیش ہوا ہوں، کمیشن نے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ پی پی 269 میں پیپلزپارٹی کے امیدوار میاں علمدار عباس قریشی ضمنی انتخابات جیتے ہیں۔

امیدوار حلقہ پی پی مظفر گڑھ 269 اقبال خان پتافی نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں نے پی پی 269 کا الیکشن لڑا جس میں 46407 ووٹ حاصل کیے، پی پی 269 کا الیکشن ہمیشہ سے متنازع رہا ہے مختلف فورمز سے اسٹے لیا گیا، پہلے بھی جو امیدوار جیتے تھے وہ میری ری کاؤنٹنگ کی درخواست پر استعفیٰ دے گئے اور اب پھر انتخاب ہوا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ میرے مخالف امیدوار کے رشتہ داروں کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا، جس عملے نے الیکشن ڈیوٹی کے لیے ٹریننگ کی تھی اسے تعینات نہیں کیا گیا جو عملہ تعینات ہوا وہ حلقے کے ہی رہنے والے تھے، مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد سے کم بیلٹ پیپر بھیجے گئے۔

مقبول خبریں