کچھ عناصر کراچی میں امن کے دشمن ہیں، مراد علی شاہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 مارچ 2019
قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، مراد علی شاہ فوٹو: فائل

قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، مراد علی شاہ فوٹو: فائل

 کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر کراچی میں امن کے دشمن ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مدرسہ دارالعلوم کورنگی میں مولانا تقی عثمانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا تقی عثمانی نے گزشتہ روز ان پر کئے گئے قاتلانہ حملے سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اللہ پاک نے آپ پر کرم کیا ہے، اللہ پاک نے آپ اور آپ کے اہل خانہ کو محفوظ رکھا، آپ پر قاتلانہ حملے کا مجھے بہت دکھ ہوا ہے، کچھ عناصر شہر کے امن کے دشمن ہیں، ہم دشمنوں کو ان کے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم آپ پر حملہ کرنے والوں کو جلد گرفتار کریں گے۔

اس سے قبل مزار قائد پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے اداروں اور افواج پاکستان کے خلاف جو تقاریر باہر سے بیٹھ کر ہوئیں، میں سمجھتا ہوں یہ اس کا نتیجہ ہے، پچھلے چار سال میں کراچی امن وامان کے حوالے سے بہتر ہوا ہے، شہر کی خوشیاں جن کو پسند نہیں وہ کراچی میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ہماری قوم اور افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، پاکستان مشکل حالات سے دوچار ہے، اس وقت قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔