امیشا پاٹیل فلم ’’دیسی میجک‘‘ میں رنبیر کیساتھ جلوہ گر ہوں گی

فلم میجک میں امیشا پاٹیل کی لک کو یکسر تبدیل کرکے پیش کیا جارہا ہے۔


Showbiz Desk August 16, 2013
اس فلم میں امیشا پاٹیل نے ڈبل رول کیا ہے۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ امیشا پاٹیل کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم ''دیسی میجک ''سیٹ کی زینت بن گئی۔

اس فلم میں امیشا پاٹیل نے ڈبل رول کیا ہے ۔فلم کی کہانی امیت مہتہ نے لکھی ہے ۔ہدایت کارنوودت مہلاتھا کی اس فلم کے لیے اداکارہ امیشا پاٹیل کی لک کو یکسر تبدیل کرکے پیش کیا جارہا ہے ۔اداکارہ امیشا پاٹیل اس فلم میں رنبیر کپور کے ساتھ جلوہ گرہونگی۔زید خان اور روی کشن بھی فلم میں اہم کردار نبھارہے ہیں۔فلم کے کو پروڈیوسرکنال گومر ہیں ۔فلم امیشا پاٹیل پروڈکشن کے بینر تلے شروع کی گئی ہے ۔اداکارہ امیشا پاٹیل پہلی بار کسی فلم میں ڈبل رول کررہی ہیں ۔اداکارہ و پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ اپنی پرڈکشن کمپنی بنانے کا آئیڈیل میرے پارٹنر کنال گومر کا ہے اور ان کے کہنے پر پروڈکشن کمپنی بنائی ہے جس کے تحت اب پہلی فلم کا آغاز کردیا گیا ہے انھوں نے کہا کہ فلمسازی کا تجربہ نا ہونے کے باوجود اس پر پیپر ورک اس قدر کیا ہے کہ اس فلم کی صرف شوٹنگ کا مرحلہ باقی تھا جسے اب شروع کرکے فلم کی تکمیل کے لیے راستے ہموار کردیے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ فلم ''دیسی میجک '' میں رنبیر کپور کو اہم کردار میں کاسٹ کیا گیا ہے اور وہ اس فلم میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے فلم کو یادگار بنائیں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ میرا کردار بھی بہت اہم ہے اور یہ کام بڑا مشکل ہے تاہم اس چیلنجنگ کردار کو بھی خوبی سے نبھانے کا عزم کرکے کام شروع کردیا ہے۔اداکارہ امیشا پاٹیل نے کہا کہ فلم کے لیے ایک آئٹم سانگ بھی تیار کیا گیا ہے جس کی موسیقی ڈی جے عقیل نے بنائی ہے اس گیت کو گلوکارہ شریا گھوشال کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ مجھے ایسے لگ رہا ہے کہ جیسے فلم''دیسی میجک''پراجیکٹ کی ماں ہوں ۔انھوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو بچے کی دیکھ بھال کی طرح ہی سنبھال رہی ہوں ۔اس میں اپنے کام کو احتیاط سے کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔اپنے اسٹائل میں زندہ ہوں اور لوگوں کی بڑی تعداد کی پسند کا بھی خیال رکھتی ہوں منفی کردار بھی کرتی ہوں ۔کسی بھی کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے اسے گہرائی سے دیکھتی ہوں ۔اپنے عزائم پختہ ہیں اور بالی وڈمیں منفرد مقام بنانے میں بھی کامیاب رہوں گی ۔انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلم ''دیسی میجک ''پر بڑی محنت کررہی ہوں۔



انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں اپنا منفرد انداز اپنا کر شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہوں گی ۔ادھر فلم ''تیزاب ''کے لیے گیت ''ایک دو تین ''کی موسیقی تیار کرنے والے مشہور موسیقار ڈی جے عقیل اور للت پنڈت کو فلم کا میوزک تیار کرنے کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔ موسیقار ڈی جے عقیل نے اس فلم کے لیے جاندار میوزک تیار کرنے کے لیے کام تیز کردیا ہے ۔یہ فلم 28فروری 2014کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی ۔واضح رہے کہ اداکارہ امیشا پاٹیل 9جون 1975کو ممبئی میں پیدا ہوئیں ۔38سالہ اداکارہ نے 2000میں فلم ''کہو نہ پیار ہے''سے کیرئیر کا آغاز کیا ۔قبل ازیں اداکارہ نے اقتصادیات میں گریجویشن کرنے کے بعد ایک نجی کمپنی میں ملازمت اخیتارکی ۔ملازمت کے دوران بیرون ملک انھیں اداکاری کی پیشکش ہوئی مگر وطن واپس آکر امیشا پاٹیل نے اردو تھیٹر میں کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔یوں 1999میں انھوں نے اسٹیج تھیٹر'' نیلام''میں پہلی بار پرفارم کیا اور اسی دوران ماڈلنگ شروع کردی اور کئی کمرشلز میں کام کیا ۔

2000 میں اداکارہ نے پہلی ہندی فلم ''کہو نہ پیارہے ''میں پرفارم کیا اس کے بعد تلگو فلم ''بدری ''میں جلوہ گرہوئیں،2001 میں فلم ''اک پریم کتھا ''میں عمدہ پرفارمنس پر اداکارہ کے فن کو سراہا گیا اور دو اہم ایوارڈ بھی جیت لیے ۔اسی سال فلم ''یہ زندگی کا سفر'' میں کردار نبھایا ۔2002میں فلم ''کرانتی ''،''کیا یہی پیار ہے''،''آپ مجھے اچھے لگتے ہو''،''ہمراز'' اور ''یہ ہے جلوہ ''میں کام کرکے شائقین کے دل جیتے ۔2003 کے دوران فلم ''پروانہ''کی اور 2004میں فلم ''سنو سسر جی''،''شرط'' اور فلم ''نانی '' میں پرفارم کیا۔2005میں فلم ''وعدہ''،''اعلان''، ''ضمیر''،''منگل پانڈے''میں بھی اہم کردار نبھائے ۔ 2006کے دوران اداکارہ نے فلم ''میرے جیون ساتھی ''ہم کو تم سے پیار ہے ''،''تیسری آنکھ''،''آنکھیں ''اور فلم ''آپ کی خیر ''میں جلوے دکھائے۔ 2007میں فلم ''ہنی مون ''،''بھول بھلیا''،''اوم شانتی اوم''میں کام کیا۔2008میں اداکارہ نے فلم'' تھوڑاپیار تھوڑا میجک ''کی ۔2011 میں فلم ''چتر سنگھ ''میں کام کیا۔اداکارہ نے فلم ''رن بھولا رن''میں بھیپرفارم کیا۔جب کہ 5مزید فلموں میں بھی کام کررہی ہیں ۔بالی ووڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ امیشا پاٹیل کی پرفارمنس نے شائقین کو متاثر کیا ہے اور ان کی فلم کے چرچے رہے ہیں ۔ اداکارہ کی آنیوالی فلموں سے بھی اچھی امیدیں وابستہ کی جاسکتی ہیں۔

مقبول خبریں