جیت کی خوشی میں پی پی کی ریلی اسلحے کی نمائش 144کی خلاف ورزی پر42 کارکن گرفتار

اسلحہ برآمد، مقدمات درج کر لیے گئے، مشتعل افراد نے تھانے کا گھیراؤ کر لیا، رہنماؤں کی ضمانت پر 38 کارکن رہا، 4 لاک اپ


Nama Nigar August 24, 2013
نو منتخب ایم این اے اور دیگر پی پی پی عہدیداروں نے تھانے پہنچ کر 38 کارکنوں کو شخصی ضمانت پر رہا کرالیا۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کی امید وار کی جیت کی خوشی میں نکالی گئی، ریلی کے شرکاء کی جانب سے اسلحے کی نمائش، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے 42 کارکنوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کی مدعیت میں 42 کارکنوں کے خلاف مقدمات درج، پی پی پی کے مشتعل کارکنوں کا کھپرو تھانے کا گھیراؤ، نو منتخب ایم این اے اور دیگر پی پی پی عہدیداروں نے تھانے پہنچ کر 38 کارکنوں کو شخصی ضمانت پر رہا کرالیا، 4 کارکن تا حال لاک اپ۔ تفصیلات کے مطابق تعلقہ کھپرو کے قومی اسمبلی کے حلقہ 235 سانگھڑ II میں 22 اگست کو ہونیوالے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی امیدوار شازیہ عطا مری کی جیت کی خوشی میں ریلی نکالی گئی جو کھپرو کے نواحی علاقوں کا گشت کرتی ہوئی ڈھلیار روڈ پر حمزہ درس پمپ کے مقام پر پہنچیتو وہاں سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کا قافلہ گزررہا تھا۔



اسی اثناء میں ریلی کے شرکاء کی جانب سے فائر کیا گیا جس پر اہلکاروں نے ریلی کے شرکاء کو روک کر چیکنگ شروع کر دی اور اسلحہ کی نمائش اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر کھپرو پولیس کے حوالے کر دیا ۔ اطلاع ملنے پر پیپلز پارٹی کے مشتعل کارکنوں نے کھپرو تھانے کا گھیراؤ کر کے شدید نعرے لگائے۔ پیپلز پارٹی کی نو منتخب ایم این اے شازیہ عطا مری، پی پی پی کے ضلعی صدر سرفراز راجڑ وسیم قائم خانی، علی ہنگو رجو اور حاجی شمس الدین ہنگورجو سمیت دیگر عہدیداروں نے تھانے پہنچ کر پولیس سے مذاکرات کر کے 38 کارکنوں کو شخصی ضمانت پر رہاکرالیا۔ جبکہ پولیس نے 4 کارکنوں سے اسلحہ برآمد کر کے لاک اپ کر دیا۔ پولیس نے 42 کارکنوں کے خلاف سب انسپکٹر دودو جونیجو کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقبول خبریں