ن لیگ کی وجہ سے دوبارہ ٹارگٹ کلنگ شروع ہوگئی لیاقت بلوچ

نواز شریف قومی سلامتی کی پالیسی بنانے میں غیرضروری تاخیر کررہے ہیں، پریس کانفرنس


Numainda Express August 27, 2013
لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی خون میں نہا رہا ہے، یہاں فرقہ واریت کی آگ کو بھی بھڑکایا جا رہا ہے. فوٹو: شاہد علی/ ایکسپریس

BERLIN: جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ن لیگ نے صدارتی الیکشن میں چند ووٹوں کی خاطر کراچی کو ازسر نو ٹارگیٹ کلنگ کا شکار کر دیا ہے جس کے نتیجے میں پورا کراچی خون میں نہا رہا ہے، نواز شریف قومی سلامتی کے لیے واضح اور دو ٹوک پالیسی اختیار کرنے میں غیرضروری تاخیر کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ حیدرآباد کے دوران جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز سہتو، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالوحید قریشی اور ضلعی امیر شیخ شوکت علی ودیگرکے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے شعبہ خواتین کے تحت مصری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے مظاہرے کی قیادت بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی، آزادی اور خود مختاری پر باہر سے حملے ہورہے ہیں تو دوسری طرف غلط حکمت عملی کی وجہ سے ملک کے اندر سے بھی ملکی سلامتی کو نقصان پہنچ رہا ہے، امریکا اور بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کررہے،قومی سلامتی کی پالیسی تیار کرنے میں نواز شریف تاخیر کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کراچی خون میں نہا رہا ہے، یہاں فرقہ واریت کی آگ کو بھی بھڑکایا جا رہا ہے، علماء، ذاکرین اور مختلف مکتبہ فکر کے افراد کو ٹارگٹ بناکر قتل کیا جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی کے دورے کے دوران امن کے قیام کے لیے روڈ میپ دیا لیکن صدارتی الیکشن کے موقع پرحکومت نے چندووٹوں کی خاطرکراچی کو ازسرنو ٹارگٹ کلنگ کا شکار کردیا، قومی موقف پر یو ٹرن سیاسی وجمہوری حالات پر گہرے منفی اثرات مرتب کر رہا ہے، کراچی کو ایک طرف لیاری گینگ والے اور دوسری طرف بھتہ خور یرغمال بنائے ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ مختلف صوبوں میں بلدیاتی نظام کی منظوری کے باجود وہاں کی حکومتیں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں غیرواضح ہیں، ضروری ہے کہ فوری طورپربلدیاتی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے، الگ الگ بلدیاتی نظام اوران پر تحفظات کے باوجود جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں بھرپورحصہ لے گی۔



انھوں نے مزید کہا کہ شام میں موجودہ صورتحال پیدا کرنے کا مقصد صرف و صرف اسرائیل کا تحفظ ہے ، دوسری جانب جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے تحت کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی جبکہ مظاہرے میںخواتین نے بڑی تعدادمیں شرکت کی جوکہ جنرل سیسی کے خلاف اورمرسی کی حمایت میںنعرے لگاتی رہیں۔ شرکاء سے لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصر کی عوام نے صدرمرسی کو ووٹ دیکر اپنا صدرمنتخب کیا اور عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارکر مصر کے نومنتخب صدر کی حکومت ختم کرکے انھیں گرفتارکرلیا گیا لیکن اس کے باوجود نام نہادجمہوریت کے علمبردار ممالک اورانسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مصر کے معاملات پر عالم اسلام بھی اپنی بے حسی ترک کرے کیونکہ وہاں اسرائیل کوتحفظ دینے لیے مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیاکہ جنرل سیسی پر مصری عوام کے مینڈیٹ کو روندنے پر عالمی ادارہ انصاف میںمقدمہ چلایاجائے اورصدرمرسی کی حکومت کو فوری بحال کیاجائے۔

مقبول خبریں