میکسیکو میں کوکین پیٹ میں چھپا کر لے جانے والا مسافر دوران پرواز ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 28 مئ 2019
کوکین کی زیادہ مقدار سے دماغ میں سوزش ہوگئی۔ فوٹو : ٹویٹر

کوکین کی زیادہ مقدار سے دماغ میں سوزش ہوگئی۔ فوٹو : ٹویٹر

میکسیکو سٹی: میکسیکو میں اپنے معدے اور آنتوں میں کوکین کے 246 پیکٹس چھپانے والا مسافر دوران پرواز دم توڑ گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بوگوٹا سے ٹوکیو جانے والی پرواز میں 42 سالہ جاپانی شخص کی حالت بگڑ گئی جس کے باعث جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم جاپانی مسافر طبی امداد ملنے سے قبل ہی دنیا سے کوچ کرگیا۔

طیارے کے عملے کا کہنا تھا کہ دوران پرواز جاپانی مسافر نے طبیعت کی ناسازی پر جہاز کے عملے سے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی جس پر میکسیکو میں سونورا ایئرپورٹ پر اتارا گیا تاہم طبی امداد ملنے سے قبل ہی جاپانی شخص چل بسا۔

جاپانی مسافر کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تو اس کے معدے اور آنتوں سے 246 کوکین کے پیکٹس کی موجودگی کا انکشاف ہوا، ایک پیکٹ کا حجم 2.5 سینٹی میٹر تک تھا۔ موت کی وجہ دماغ کی سوزش بنی جو کوکین کی زیادہ مقدار کی وجہ سے ہوئی تھی۔

طیارے میں 198 مسافر تھے، جاپانی شخص کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے روک لیا گیا جب کہ طیارے کو منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔ کوکین کے پیکٹس نگل کر معدے میں چھپانا اور پھر اسمگل کرنے کا طریقہ تیزی سے عام ہوتا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔