جناح اسپتال، NICVD اور NICH کیلیے بجٹ مختص نہیں کیا

طفیل احمد  ہفتہ 15 جون 2019
غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے وزیر اعلیٰ سندھ نے بلاک ایلوکیشن کے نام پر بجٹ مختص کر دیا۔ فوٹو: فائل

غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے وزیر اعلیٰ سندھ نے بلاک ایلوکیشن کے نام پر بجٹ مختص کر دیا۔ فوٹو: فائل

کراچی:  صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ 2019,20 میں جناح اسپتال، قومی ادارہ امراض قلب اور قومی ادارہ اطفال برائے صحت تینوں اسپتالوں کے لیے بجٹ کتاب میں کوئی رقم مختص نہیں کی۔

حکومت سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی سندھ نے Block ایلوکیشن کے نام پر تینوں اسپتالوں کیلیے بجٹ مختص کیا ہے۔ ’ بلاک ‘ ایلوکیشن تکنیکی لفظ ہے جو وزیر اعلی سندھ کے صوابدیدی اختیارات کے تحت بعد میں اسپتالوں کو منتقل کیاجاسکتا ہے کیونکہ ابھی تک ان تینوں اسپتالوں کے بارے میں غیر یقینی اور غیر واضح صورتحال کا سامنا ہے۔

وفاقی حکومت نے 22 مئی2019کونوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں اسپتالوں کو وفاق کے کنٹرول میں دیدیا تھا، ادھر حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ وفاق نے صوبائی حکومت سے مشاورت کے بغیر جناح اسپتال، امراض قلب اورقومی ادارہ اطفال (این آئی سی ایچ)کواپنے کنٹرول میں لے لیاجس کے بعد حکومت سندھ نے اس نوٹیفیکیشن پر اعتراض بھی کیا اورآج (جمعہ) کوبجٹ اجلاس کے دوران وزیراعلی سندھ نے ایک بار پھر اعتراض کیا۔

ادھر ان تینوں اسپتالوں کے حوالے سے صورتحال مزید ابہام اورغیر یقینی کا شکار ہے جس کی وجہ سے ان اسپتالوں کی انتظامیہ اور ملازمین بھی تذبذب اور ابہام کا شکار ہیں جس کی وجہ سے صحت کی فراہمی بھی متاثر ہورہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔