سونے چاندی اور پلاٹینم کی درآمد پر عائد پابندی ختم

وفاقی وزارت تجارت نے سونے کی درآمد اور زیورات کی برآمد کیلیے نیا طریقہ متعارف کرادیا


Business Reporter September 04, 2013
جیولری ایکسپورٹ کیلیے ویلیوایڈیشن شرح میں اضافہ،صرف مصدقہ درآمدکی اجازت ہوگی فوٹو : اے ایف پی / فائل

وفاقی وزارت تجارت نے سونے کی درآمد اور سونے کے زیورات کی برآمد کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کراتے ہوئے سونے چاندی اور پلاٹینم کی درآمد اور زیورات کی برآمد پر عائد ایک ماہ کی عارضی پابندی ختم کر دی ہے۔

وفاقی وزارت تجارت نے ایس آر او 266کی جگہ نیا ایس آر او 760(I)/2013 جاری کردیا ہے جس کے ذریعے ایکسپورٹ کے لیے سونے کی لامحدود درآمد کی سہولت ختم کرتے ہوئے فی ایکسپورٹر 25کلو گرام کی حد مقرر کردی گئی ہے، سیلف کنسائنمنٹ کی صورت میں 50فیصد مالیت بینکنگ چینل کے ذریعے زرمبادلہ کی شکل میں واپس لانا ہوگی، زرمبادلہ اور خام سونے کی واپسی کے لیے 240روز کی مدت میں کمی کرکے زیورات میں استعمال شدہ سونا اور زرمبادلہ کی شکل میں ویلیو ایڈیشن 120روز میں وطن واپس لانے کی شرط عائد کردی گئی ہے۔



اسی طرح درآمد کردہ سونے سے تیار زیورات بھی 120روز میں ایکسپورٹ کرنے پڑیں گے، نئے پراسیجر کے تحت سونے کی درآمد کیلیے کنٹریکٹ کو خریدار ملک کی لیگل اتھارٹی اور پاکستانی سفارتخانے سے تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے، سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ کے لیے ویلیو ایڈیشن کی شرح میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے چوڑیوں اور چین کے لیے ویلیو ایڈیشن کی شرح 8فیصد، سادہ زیورات کے لیے 12 فیصد اور جڑائو زیورات کے لیے 13فیصد ویلیو ایڈیشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے، سونے کی درآمد اور زیورات کی درآمد کے لیے دستاویزی عمل کو بھی مزید بہتر کیا گیا ہے، زیورات کی ایکسپورٹ کے لیے قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں اور نگینوں کی مالیت بھی الگ درج کرنا ہوگی، درآمد شدہ قیمتی دھاتیں لوکل مارکیٹ میں فروخت نہیں کی جاسکیں گی۔

مقبول خبریں