کراچی میں امن کیلیے وفاقی حکومت کے ساتھ ہیں سید نوید قمر

پاکستان بھارتی جارجیت کا بھرپور جواب دے سکتا ہے،پی پی دور میں بھرتی ملازمین کو برطرف نہیں کیا جائے گا،ایم این اے


Nama Nigar September 09, 2013
پاکستان بھارتی جارجیت کا بھرپور جواب دے سکتا ہے،پی پی دور میں بھرتی ملازمین کو برطرف نہیں کیا جائے گا،ایم این اے۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ 1973 کے آئین کے تحت امن او امان صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے، وفاقی حکومت کے ایسے تمام اقدامات کی تائید کریں گے جس سے کراچی کی صورتحال بہتر ہو۔

یہ بات انھوں نے اتوار کے روز علوانی ہائوس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا کہ کراچی کا امن ہم سب کی ضرورت ہے، اگر طالبان گروپ سے بات چیت کے ذریعے امن ہوسکتا ہے تو یہ پاکستان کے لیے بہتر ہے تاہم سوال یہ ہے کہ مذاکرات کس گروپ کے ساتھ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کی صورتحال ہندوستان میں متوقع انتخابات کی وجہ سے پیدا کی گئی ہے وہاں بی جے پی کے انتہا پسند نریندر مودی متوقع امیدوار ہیں اور وہ لائن آف کنٹرول کی صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تاہم اگر انڈیا آگے بڑہتا ہے تو پاکستان کے پاس اسے جواب دینے کی بھر پور قوت موجود ہے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں جنھیں ملازمتیں ملی ہیں انھیں بر طرف نہیں کیا جائے گا تاہم جعلی آرڈرز پر نوکریاں لینے والوں کو ہٹایا جائے گا۔



ٹنڈو محمد خان تعلقہ اسپتال کو اپ گریڈ کرکے اس میں سرجنز، اسپیشلسٹ مقرر کرنے اور علاج معالجے کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے وزیراعلی سند سید قائم علی شاہ سے بات کی ہے اور بہت جلد ٹنڈو محمد خان کی عوام کو تعلقہ اسپتال کو اپ گریڈ کرکے فعال کرنے کی خوشخبری مل جائے گی۔ جدید طبی سہولتوں کے بغیر42 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اسپتال کا کوئی فائدہ نہیں ۔ اس موقع پر انھوں نے اس سال واٹر سپلائی اسکیم پر فلٹر پلانٹ کی تنصیب کا بھی اعلان کیا۔ دریں اثناء انھوں نے سٹیزن فورم کے سیکریٹری محمد اسلم علوانی سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی ۔ نوناری گوٹھ لنک روڈ ،میر مشتاق ٹالپر روڈ ، لاکھاٹ روڈ،مشترکہ کالونی روڈ اورمیراں شاہ پبلک لائبریری کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی سید اعجاز شاہ بخاری، سٹیزن فورم کے چئیرمین حاجی محمد اسماعیل میمن، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان آصف علی میمن،سید شاہد شاہ اور سید اعجاز نبی شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

مقبول خبریں