ورلڈ کپ میں افغان سینئرز پر جان بوجھ کر خراب کھیلنے کا الزام

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 جولائی 2019
ناکامیوں پر بجائے افسردہ ہونے کے قہقہے لگاتے تھے، کپتان کے حوالے سے انکشاف
 فوٹو: فائل

ناکامیوں پر بجائے افسردہ ہونے کے قہقہے لگاتے تھے، کپتان کے حوالے سے انکشاف فوٹو: فائل

کابل: افغان کپتان گلبدین نائب نے مبینہ طور پر چند سینئر کھلاڑیوں پر جان بوجھ کر ورلڈ کپ میں خراب کھیلنے کا الزام عائد کردیا۔

ایک سینئر افغان صحافی نے گلبدین نائب کے حوالے سے سینئر کھلاڑیوں کے جان بوجھ کر خراب کھیل پیش کرنے کا دعویٰ کیا ہے، رپورٹ کے مطابق گلبدین نائب نے مبینہ طور پر کہا کہ ہم ورلڈ کپ میں زیادہ انحصار اپنے سینئرز پر کررہے تھے مگر انھوں نے جان بوجھ کر اچھا پرفارم ہی نہیں کیا، نہ ہی وہ مجھے کوئی اہمیت دیتے تھے۔ ناکامیوں پر بجائے افسردہ ہونے کے وہ قہقہے لگاتے دکھائی دیتے، میں جب میدان میں انھیں بولنگ کرنے کیلیے کہتا تو وہ میری طرف دیکھتے تک نہیں تھے۔

یاد رہے کہ جب گلبدین نائب کو کپتان بنایا گیا تب شائقین نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی تھی، پرانے کپتان اصغر افغان کو ہٹانے کی ٹائمنگ پر بھی اعتراض کیے گئے۔

ٹیم کے اہم پلیئرز راشد خان اور محمد نبی نے بھی کپتان بدلنے کے وقت پر تنقید کی تھی، تب اسپنر راشد خان نے ٹویٹ کیا تھا کہ اب جبکہ ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ میں تھوڑا سا ٹائم رہ گیاایسے میں کپتان کی تبدیلی غیریقینی کا باعث بنے گی، ٹیم کا مورال بھی ڈائون ہوگا۔

ورلڈ کپ میں خود راشد خان غیرمعمولی پرفارم نہیں کرپائے جبکہ سابق کپتان اصغر افغان جدوجہد کرتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔ افغانستان بغیر کسی پوائنٹ کے 10 ٹیموں کے ایونٹ میں آخری نمبر پر رہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔