70 سالہ کمزور اور نحیف ہتھنی کی طویل پریڈ میں جبری شرکت کے بعد موت

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اگست 2019
کمزور اور نحیف ہتھنی کو بدھ مت کے مذہبی تہوار پر ایک طویل پریڈ پر زبردستی دوڑایا گیا (فوٹو : فیس بک)

کمزور اور نحیف ہتھنی کو بدھ مت کے مذہبی تہوار پر ایک طویل پریڈ پر زبردستی دوڑایا گیا (فوٹو : فیس بک)

کولمبو: سری لنکا میں بدھ مت کے ماننے والوں کی مذہبی پریڈ میں 70 سالہ نحیف اور بیمار ہتھنی کو طویل دوری تک چلایا گیا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ مت کے تہوار پر جبری طور پر ایک 70 سالہ ہتھنی کو طویل پریڈ میں دوڑایا گیا جس کے بعد ہتھنی کی موت واقع ہوگئی۔ 70 سالہ ’ٹکیری‘ نہایت کمزور، بیمار اور نحیف تھی لیکن اس کے باوجود انتظامیہ نے ہتھنی کو پریڈ میں بھگایا۔

نحیف ہتھنی پر ایک چمک دار روایتی چادر ڈھانپ کر پریڈ میں شامل کرایا گیا تھا تاہم ہاتھیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے غیر سرکاری ادارے ’سیو الیفینٹ فاؤنڈیشن‘ نے بھانڈا پھوڑ دیا اور حکام کی توجہ مبذول کروائی جس پر وفاقی وزیر سیاحت و وائلڈ لائف نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔

وزیر سیاحت و وائلڈ لائف جان امراٹونگا کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد پریڈ اور مقابلے کے منتظمین نے ٹیکری کو گرینڈ فائنل میں حصہ لینے سے مستثنیٰ قرار دے دیا تھا تاہم ہتھنی ایک دن بعد ہی چل بسی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔