کوکابورا گیند سخت گرمی میں بولرز سر پٹختے رہے بیٹسمین شاداں

قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں سمیع اسلم، عابد علی ، عدنان اکمل ،خرم منظور اور اشفاق احمد کی سنچریاں


اسپورٹس رپورٹرز September 15, 2019
قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں سمیع اسلم، عابد علی ، عدنان اکمل ،خرم منظور اور اشفاق احمد کی سنچریاں۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا،سخت گرمی میں کوکابورا گیند کے استعمال سے بولرز سر پٹختے رہے جبکہ بیٹسمین شاداں دکھائی دیے۔

نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت قائداعظم ٹرافی کے ابتدائی راؤنڈ کا گذشتہ روز آغاز ہوگیا، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کپتان شان مسعود 26 کے مجموعے پر12رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 50، تیسری 70 اور چوتھی 74 رنز پر گری، عمران رفیق5، صہیب مقصود 6اور عمر صدیق 4رنز بنا کر پویلین لوٹے، دوسرے اوپنر سمیع اسلم کی مزاحمت جاری رہی، انھوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں عدنان اکمل کے ساتھ 217 رنز جوڑے۔

دن کے اختتام تک سمیع19 چوکوں کی مدد سے 151اور عدنان اکمل14 چوکوں کی مدد سے 106 رنز پر ناقابل شکست رہے، ٹیم نے4 وکٹ نقصان پر 291 رنز بنالیے، وقاص مقصود نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں نوٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے مہمان بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سندھ کی اوپننگ جوڑی نے سست رفتاری سے اننگز کا آغاز کرنے کے بعد ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنز بٹورے، خرم منظور(105) نے عابد علی کے ہمراہ 212رنز کی شراکت بنائی، سعد علی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عابد علی 120پر ناٹ آؤٹ رہے، وہ اتوار کو اسد شفیق کے ہمراہ اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے، سندھ نے 2وکٹ پر 237 رنز بنائے ہیں، دونوں وکٹیں یاسر شاہ نے حاصل کیں۔

ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ناردرن ٹیم نے بطور مہمان ٹیم ٹاس کے بجائے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، فخرزمان 33 اور صاحبزادہ فرحان 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،افتخار احمد( 35) اشفاق احمد کے ساتھ 117 رنز کی شراکت کے بعد رخصت ہوگئے، اشفاق احمد نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دوسرے روز کپتان محمد رضوان 84 اور عادل امین 49 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کریں گے، میزبان ٹیم نے دن کے اختتام تک 4 وکٹ پر 343 رنز بنائے، عماد وسیم، صدف حسین اور موسیٰ خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قائداعظم ٹرافی میچز سے قبل تمام ٹیموں کا عبدالقادر کو خراج عقیدت

قائداعظم ٹرافی کے پہلے روز تمام ٹیموں نے میچز سے قبل عبدالقادر کو خراج عقیدت پیش کیا، تینوں سینٹرز پر مرحوم کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی،کھلاڑیوں نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کے سوگ میں بازو پر سیاہ پٹیاں بھی باندھیں، قائد اعظم ٹرافی کے تین میچز لاہور،کراچی اور ایبٹ آباد میں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ گگلی ماسٹر عبدالقادر چند روز قبل حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے