سری نواسن کو آئی پی ایل معاملات سے دور رہنے کا حکم

مزید1برس کیلیے بورڈ صدرمنتخب ہونے کے باوجود ذمہ داری سنبھالنے پرپابندی برقرار


Sports Desk October 01, 2013
بورڈ میں کچھ انتہائی غلط ہورہا ہے، وہ اپنی ساکھ کھو چکا۔عدالت۔ فوٹو؛ فائل

بھارتی سپریم کورٹ نے سری نواسن کو آئی پی ایل معاملات سے بھی دور رہنے کا حکم دے دیا، مزید ایک برس کیلیے بورڈ صدرمنتخب ہونے کے باوجود ذمہ داری سنبھالنے پر پابندی برقرار رہے گی، کیس کی اگلی سماعت 7 اکتوبر کو ہونی ہے، عدالت کے مطابق بورڈ میں کچھ انتہائی غلط ہورہا ہے، وہ اپنی ساکھ کھو چکا۔

تفصیلات کے مطابق این سری نواسن اتوار کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ مزید ایک برس کیلیے صدر تو منتخب ہوگئے مگر ابھی انھیں دوبارہ عہدہ سنبھالنے کیلیے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا پڑیگا، ان کیخلاف غیرمنظور شدہ کرکٹ ایسویسی ایشن آف بہار نے پٹیشن دائر کی ہوئی ہے جس کی گذشتہ روز سماعت ہوئی، اس دوران عدالت نے واضح کیا کہ سری نواسن صدر تو بن چکے مگر کیس کا فیصلہ آنے تک ان پر ذمہ داریاں سنبھالنے پر نہ صرف پابندی برقرار رہے گی بلکہ وہ آئی پی ایل سے متعلق تمام معاملات سے بھی دور رہیں۔



اس موقع پر بنچ نے ریمارکس دیے کہ حقیقت تو یہ ہے کہ آئی پی ایل اور بی سی سی آئی سے کئی چیزیں سامنے آئی ہیں، بورڈ میں کچھ تو انتہائی غلط ہورہا ہے، سوال یہ ہے کہ بی سی سی آئی نے اپنی ساکھ کیوں کھوئی، ایک چیز جو ہمیں دیکھنی ہے کہ بطور صدر کام کرتے ہوئے سری نواسن آئی پی ایل کی تحقیقات پر کس طرح اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے اگلی سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سری نواسن کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت تو دی مگر ساتھ میں ان پر فیصلہ آنے تک ذمہ داریاں سنبھالنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ وہ اپنے داماد گروناتھ میاپن کے کرتوتوں کی وجہ سے اس حال تک پہنچے ہیں، بہار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نے فکسنگ اسکینڈل کے تناظر میں سری نواسن کو صدارت کیلیے نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی ہوئی ہے۔

مقبول خبریں