صرف ایک گرام وزنی مچھلی کو بچانے کے لیے 40 منٹ کا آپریشن

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2019
تصویر میں آپریشن سے قبل مولی کے پیٹ پر ابھار دیکھا جاسکتا ہے جو پیٹ کی رسولی ہے (فوٹو: ڈیلی میل)

تصویر میں آپریشن سے قبل مولی کے پیٹ پر ابھار دیکھا جاسکتا ہے جو پیٹ کی رسولی ہے (فوٹو: ڈیلی میل)

برسٹل، برطانیہ: برطانیہ کی تاریخ میں سب سے چھوٹے جانور کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔ اس میں ایک گرام کی مچھلی کے پیٹ سے جان لیوا رسولی نکالی گئی اور سرجنوں کو اس پورے عمل میں 40 منٹ لگے۔

مچھلی کا نام ’مولی‘ ہے جو گولڈ فش کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ اس کے مالک نے مچھلی کے جسم میں غیرمعمولی ابھار محسوس کیا اور ڈاکٹروں سے رجوع کیا۔ اسے برسٹل میں واقع ہائی سوفٹ ویٹس نامی کلینک میں لایا گیا جہاں فوری طور پر ڈاکٹروں نے مچھلی کے آپریشن کا فیصلہ کیا۔

عموماً یہاں سانپوں، مگرمچھوں اور اِگوانا چھپکلیوں کا آپریشن کیا جاتا ہے لیکن مولی یہاں لائی جانے والی سب سے چھوٹی جانور مریضہ ہے۔ فوری طور پر اسے بے ہوش کرکے انتہائی حساس آپریشن کیا گیا۔ اس دوران وہ مائع میں پڑی رہی اور اس کے منہ میں ایک تار ڈالا گیا تھا تاکہ وہ زندہ رہے۔

مچھلی کو نم دار رکھنے اسے آکسیجن سے بھرپور پانی میں رکھا گیا تھا اور سب سے زیادہ مشکل کام اس کے لیے بے ہوشی کی مناسب دوا دینا تھا۔ ماہرین کے مطابق اس کی رسولی اس مرحلے تک پہنچ چکی تھی جو اس کے تیرنے کے عمل کو متاثر کررہی تھی۔

اس پورے آپریشن پر 100 پونڈ یعنی 20 ہزار پاکستانی روپے خرچ ہوئے۔ مولی مچھلی کو تھوڑی دیر بعد ہوش آگیا اور اسے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔