سیریز بچانے کی ذمہ داری پاکستانی ناتواں بیٹنگ پر آپڑی

چوتھا ون ڈے آج ہو گا،صہیب مقصود کو ڈیبیو کا موقع ملنے کی توقع،بیٹسمین خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں، مصباح


Sports Desk November 08, 2013
ٹرافی جیتنے کے لیے باقی دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں، بیٹنگ آرڈر میں ایک بار پھر ردوبدل کا امکان۔فوٹو:فائل

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان چوتھا اور اہم ترین ون ڈے میچ جمعے کو ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔

سیریز بچانے کی ذمہ داری ناتواں بیٹنگ پر آپڑی، صرف بولرز کے دم پر میدان مارنے کا فارمولا پرانا ہونے لگا، ٹرافی جیتنے کے لیے باقی دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں، بیٹنگ آرڈر میں ایک بار پھر ردوبدل کا امکان اور صہیب مقصود کو ڈیبیو کا موقع میسر آسکتا ہے، کپتان مصباح الحق نے بھی بیٹسمینوں کو خبردار کیاکہ وہ خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں، سیریز جیتنی ہے تو پھر بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی، اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل نہ کرنا بہت بڑی کوتاہی ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ سیریز میں کامیابی کیلیے آخری میچ کا انتظار کرنے کو تیار نہیں، کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ چوتھے میچ میں ہی حتمی برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب تک 6 ون ڈے سیریز کھیلی جاچکی ہیں، حیران کن طور پر ان میں سے چار کا فیصلہ آخری یعنی پانچویں ون ڈے سے ہوا۔



موجودہ سیریز میں اب تک کے تین میچز رواں برس مارچ اور 2010 کی سیریز کا ایکشن ری پلے دکھائی دے رہے ہیں، جس میں پہلا میچ جنوبی افریقہ ، دوسرا پاکستان اور تیسرا پھر پروٹیز نے جیتا، تاریخ کے حساب سے اب اس مقابلے میں پاکستان کے جیتنے کا نمبر ہے، ویسے بھی یو اے ای میں یہ بات عام طور پر کہی جاتی ہے کہ گرین شرٹس جمعے کو یہاں پر ہارتے نہیں ہیں، دبئی میں بھی پاکستان نے میچ جمعے کو ہی جیتا تھا لیکن ایک بار پھر ٹاس کا کردار بھی اہم ہی ہوگا،ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دے گی۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن مسلسل تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، کئی نئے کھلاڑیوں کو بارہا مواقع دینے کے باوجود مسائل حل نہیں ہوئے، موجودہ سیریز میں عمر امین کو مسلسل موقع دیا جارہا مگر وہ ابھی تک اپنی سلیکشن کو درست ثابت نہیں کرپائے، عمر اکمل بھی ناکام رہے ہیں، اسد شفیق کو واپسی کا موقع ملا تو وہ بھی گذشتہ میچ میں کچھ نہیں کرپائے۔

اس بار بھی ٹاپ آرڈر پر محمد حفیظ ہی احمد شہزاد کا ساتھ دیں گے تاہم ون ڈائون پوزیشن پرکسی اور کو آزمایا جاسکتا ہے، صہیب مقصود کو انتظار کرتے ہوئے تین میچز ہوچکے، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگر سیریز بچانی ہے تو پھر بیٹسمینوں کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی، 20، 30 رنز سے میچز نہیں جیتے جاسکتے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کو حتمی برتری کے لیے مزید ایک فتح درکار ہے۔کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے کہاکہ ہم نے تیسرے میچ میں قدرے بہتر پرفارم کیا مگر اب بھی میں پوری طرح مطمئن نہیں ہوں، سیریز جیتنے کیلیے بیٹسمینوں کو زیادہ بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔ ڈی ویلیئرز کو پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ ون ڈے رنز اسکور کرنے والے جنوبی افریقی بیٹسمین کا ریکارڈ جیک کیلس سے چھیننے کیلیے مزید 148 رنز درکار ہیں۔ ابوظبی میں سب سے زیادہ ون ڈے کھیلنے میں شاہد آفریدی 19 میچز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔انھوں نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی تھی۔ شائقین ایک بار پھر ان سے ایسے ہی کھیل کی توقع رکھتے ہیں۔

مقبول خبریں