لاہور میں سخت حفاظتی اقدامات، ہزاروں اہلکار مستعد

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 25 جنوری 2020
شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں داخلے تک چار سطح کی سیکیورٹی سے گزرنا پڑا

شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں داخلے تک چار سطح کی سیکیورٹی سے گزرنا پڑا

 لاہور:  پاک بنگلادیش پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سخت حفاظتی اقدامات دیکھنے میں آئے، نشتر پارک، اطراف کی سڑکوں اور ٹیموں کے روٹ پر ہزاروں اہلکار مستعد رہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ نئے کرکٹ سیزن میں سیکیورٹی اداروں کا پہلا امتحان بھی تھا، اس موقع پر نہ صرف قذافی اسٹیڈیم کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم رہا بلکہ نشتر پارک اور اطراف کی سڑکوں پر بھی کڑی نگرانی اور گاڑیوں کا گشت جاری رہا، صبح 11 بجے کے قریب اطراف کے تمام مین روڈز پر عام ٹریفک معطل کردی گئی،فیروزپور روڈ سے گزرنے والی میٹرو بس سروس 12 بجے کے بعد بند ہوئی۔

پارکنگ اسٹینڈز سے تلاشی کے بعد شٹل بس سے متعلقہ پوائنٹس پر پہنچنے والے شائقین کو چیک کرنے کے بعد واک تھرو گیٹ سے گزارا جاتا، وہ اگلے پوائنٹس پر ایک بارپھر تلاشی دینے اور واک تھرو گیٹ سے گزارنے کے بعد اسٹیڈیم کی جانب روانہ ہوتے، انکلوژرز کے قریبی گیٹ تک پہنچنے سے قبل ایک بار پھر انھیں واک تھرو گیٹ سے گزرنا پڑتا۔

شائقین کی آمد کا سلسلہ میچ شروع ہونے کے بعد نصف گھنٹے تک جاری رہا، اس وجہ سے لمبی قطاریں بھی دیکھنے میں آئیں، اسینڈز کے اندر سادہ لباس اہلکار بھی شائقین پر نظر رکھنے کی ڈیوٹی دیتے رہے،ٹیموں کی آمدورفت کے روٹ پر بھاری نفری نے پہرہ دیا، اس دوران راستوں کو مکمل طور پر کلیئر رکھا گیا، میچ ختم ہونے پر شائقین کی رخصتی کے بعد مین روڈز پر ٹریفک بحال کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔