پی ایس ایل علی ظفر ہرسال نیا ترانہ بنانے کے حامی

مداحوں کیلیے1ہفتے دن رات محنت کرتے ہوئے ’’میلہ لوٹ لیا‘‘ تیارکیا


Sports Reporter March 07, 2020
مداحوں کیلیے1ہفتے دن رات محنت کرتے ہوئے ’’میلہ لوٹ لیا‘‘ تیارکیا

علی ظفر نے ہر سال پی ایس ایل کا نیا ترانہ تیار کرنے کی حمایت کردی،معروف گلوکار اور اداکار کا کہنا ہے کہ شائقین آفیشل سونگ کا بڑی شدت کے ساتھ انتظار کرتے ہیں،دلچسپی برقرار رکھنے کیلیے کچھ منفرد اور بہتر کرتے رہنا ضروری ہے، کسی کرکٹر کی سوانح عمری پر فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کیلیے بات چیت چل رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ''کرکٹ کارنر ود سلیم خالق'' میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ اگر ہر سال پی ایس ایل کا نیا ترانہ بنانے کی پالیسی رکھیں تو معیار برقرار رکھنا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا،اگر آپ ہر ایڈیشن کیلیے الگ آفیشل سونگ بنائیں تو اچھی بات ہے کیونکہ شائقین اس کا بڑی شدت سے انتظار کررہے ہوتے ہیں۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 5کا ترانہ ''تیار ہیں'' عوام کو زیادہ متاثر نہیں کرسکا،اس کوایک ماہ میں 50لاکھ شائقین نے دیکھا، دوسری جانب علی ظفر نے جو ترانہ ''میلہ لوٹ لیا'' گایا،اس کو ایک ہفتے میں ہی 55 لاکھ سے زائد باردیکھا جا چکا،علی ظفر کا کہنا ہے کہ میرے ایک دوست نے بتایا کہ اگرچہ اس بار میں پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہوں لیکن اس کے باوجود بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

پیار کرنے والے پرستاروں کا ہونا بڑی خوش قسمتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پرستاروں کی حوصلہ افزائی کی بدولت صرف ایک ہفتے دن رات محنت کرتے ہوئے ''میلہ لوٹ لیا'' تیار کیا،یہ چاہنے والوں کیلیے میری طرف سے ایک تحفہ ہے،میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ یہ عوام کی ویڈیو اور عوام کیلیے ہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کرکٹ سے لگاؤ بچپن میں پروان چڑھا،بوجوہ خود کرکٹر نہیں بن سکا، اگر گلوکار نہ ہوتا تو کرکٹ میں نام کماتا،ایک کرکٹر کی سوانح عمری پر فلم بنانے کیلیے بات چیت جاری ہے جس میں میرا مرکزی کردار ہوگا،لگتا ہے کہ یہ بڑا دلچسپ منصوبہ ہے،انھوں نے انکشاف کیا کہ کرکٹر شعیب اختر بھی ہوسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل علی ظفر اور اسپیڈ اسٹار کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد صارفین کی بھرپور توجہ کا مرکز بنی تھی۔

مقبول خبریں