برطانیہ میں کورونا وائرس کے ’ضدی مریضوں‘ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 18 مارچ 2020
علاج اور قرنطینہ کے انکاری مریضوں کو پولیس گرفتار کرسکتی ہے، فوٹو : فائل

علاج اور قرنطینہ کے انکاری مریضوں کو پولیس گرفتار کرسکتی ہے، فوٹو : فائل

لندن: برطانیہ نے ہنگامی اور غیر معمولی اقدامات کے تحت پولیس کو کورونا وائرس کے ضدی مریضوں کی گرفتاری کا اختیار دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں نئے قوانین کے تحت پولیس سمیت دیگر حکومتی اداروں کو وائرس سے نمٹنے کے لیے وسیع اختیارات فراہم کردیئے گئے ہیں۔ طبی ماہرین کی تجاویز کی مدد سے تیار کیے گئے یہ قوانین 2 سال کے لیے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کورونا وبا پر ناقص انتظامات ؛ عالمی ادارہ صحت نے ایشیائی ممالک کو خبردار کردیا

یہ قوانین اسکاٹ لینڈ، ویلز، شمالی آئرلینڈ اور لندن میں اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے بنائے گئے ہیں جنہیں صرف اشد ضرورت کے وقت ہی استعمال کیا جا سکے گا۔ ان قوانین سے حاصل ہونے والے اختیار کے تحت پولیس کسی بھی ایسے مریض کو گرفتار کرسکتی ہے جو اسپتال میں اپنا علاج کرانے یا قرنطینہ میں جانے سے انکاری ہو۔

یہ خبر پڑھیں : امریکا میں کورونا وائرس جولائی تک ختم ہوجائے گا، ٹرمپ

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ قوانین عوام کی بھلائی کیلیے بنائے گئے ہیں جس کا مقصد شہریوں کو اس موزی مرض سے محفوظ رکھنا ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس کے 2 ہزار کے لگ بھگ مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 71 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔