کورونا سے ٹینس کورٹس بھی سونے ہونے لگے

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 27 مارچ 2020
ومبلڈن کے التوا یا منسوخی پر غور شروع،آئندہ ہفتے اہم اجلاس طلب
 فوٹو: فائل

ومبلڈن کے التوا یا منسوخی پر غور شروع،آئندہ ہفتے اہم اجلاس طلب فوٹو: فائل

 لندن:  کورونا وائرس سے ٹینس کورٹس بھی سونے ہونے لگے۔

عالمی بحران کی وجہ سے رواں برس ومبلڈن ٹورنامنٹ منسوخ یا ملتوی کیا جا سکتا ہے، رواں برس سیزن کا تیسرا گرینڈ سلم 29 جون سے 12 جولائی تک شیڈول ہے، موجودہ صورتحال میں اسے بند دروازوں کے پیچھے بھی منعقد نہیں کیا جا سکتا،البتہ گرینڈ سلم کو رواں برس کے آخر تک ملتوی کرنا ممکن ہوگا،عالمی وبا کے سبب دنیا بھر میں لوگوں کا طرز زندگی بدل گیا ہے، بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن نے عوام کو گھروں تک محدود کردیا تاکہ وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم رکھا جا سکے، آل انگلینڈ کلب کے چیف ایگزیکٹیو رچرڈ لوئس نے کہا کہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں وائرس نے لوگوں کی زندگی کو بْری طرح متاثر کردیا۔

ہمارے لیے موجودہ حالات میں سب سے اہم بات لوگوں کی صحت ہے، ہم فیصلہ کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرینگے، انھوں نے کہاکہ ہم رواں برس اپنے منصوبوں کو یقینی بنانے کیلیے سخت محنت جاری رکھے ہوئے ہیں،اسی مقصد کیلیے آئندہ ہفتے اپنے مرکزی بورڈ کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے،واضح رہے کہ سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن کو پہلے ہی سال کے اواخر تک موخر کیا جا چکا ہے، چوتھاگرینڈ سلم یوایس اوپن بھی موجودہ حالات میں بروقت منعقد ہوتا مشکل دکھائی دینے لگا، مینز اور ویمنز ٹینس کی ورلڈ باڈیز نے پہلے ہی اپنے ایونٹس کو معطل کررکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔