ٹرین آپریشنز بحالی،حکام نے شیڈول شیخ رشید کو بھجوا دیا

بلال غوری  پير 30 مارچ 2020
بھارت میں21روز کیلیے ٹرینیں بند ہیں‘ پاکستان ریلوے کے حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان۔ فوٹو: فائل

بھارت میں21روز کیلیے ٹرینیں بند ہیں‘ پاکستان ریلوے کے حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان۔ فوٹو: فائل

لاہور: ریلوے حکام نے کورونا وائرس کے باوجود کراچی، پشاور سمیت کئی شہروں کے درمیان ٹرین آپریشنز بحال کرنے کیلیے شیڈول وزیر ریلوے شیخ رشید کو بھجوا دیا۔

بھارت میں 26صوبوں کے درمیان ساڑھے13ہزار مسافر ٹرینیں روزانہ کی بنیاد پر آپریٹ کرتی ہیں تاہم وبا کے خدشے کے باعث انہوں نے21روز کیلئے ٹرین آپریشنز معطل کردیا ہے لیکن دوسری جانب پاکستان ریلوے نے آپریشنز کی معطلی کے 4روز بعد ہی لاہور،کراچی، پشاور، حیدرآباد، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی کے درمیان مختلف کلاسوں پر مشتمل6ٹرینوں کو چلانے کا شیڈول ترتیب دیدیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر ریلوے کو ٹرین آپریشنز کا شیڈول بھجوادیا ہے جو وزیراعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد ان ٹرینوں کو چلانے کا اعلان کریں گے، ان ٹرینوں کا چھوٹے سٹیشنوں پر 10منٹ اور لاہور، کراچی، روہڑی سمیت بڑے سٹیشنوں پر 25منٹ کا سٹاپ رکھا گیا ہے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ ریلوے کے پاس اتنے وسائل نہیں تو وہ موجودہ حالات میں ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں میں حفاظتی اقدامات پر کیسے عملدرآمد کرائے گا، اے سی اور اکانومی کلاس برتھوں میں سیٹوں کے درمیان خاطرخواہ فاصلہ نہیں ہوتا جبکہ ایک وقت میں مختلف سٹیشنوں سے سینکڑوں مسافر سوار ہوتے اور اترتے ہیں، ریلوے کو ٹرین آپریشنز بحال کرنے سے قبل ان تمام حفاظتی اقدامات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔