امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں واقع براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کے واقعے میں دو طلبہ ہلاک جبکہ نو زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ اس عمارت میں پیش آیا جہاں فائنل امتحانات جاری تھے۔
پروویڈنس کے میئر بریٹ اسملی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے، جس کے بعد کیمپس میں نافذ شیلٹر اِن پلیس کا حکم ختم کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فی الحال کسی دوسرے مشتبہ شخص کی تلاش نہیں کی جا رہی۔
میئر کے مطابق زخمی ہونے والے نو افراد میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، سات مستحکم حالت میں ہیں جبکہ ایک طالب علم کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
براؤن یونیورسٹی کی صدر کرسٹینا پیکسَن نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ تمام 11 متاثرین یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ یونیورسٹی کمیونٹی کے لیے نہایت افسوسناک اور صدمہ خیز ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی طلبہ نے عمارتوں میں چھپ کر جان بچائی۔ واقعے کے بعد اتوار کو ہونے والے فائنل امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا سانحہ ہے اور متاثرین کے لیے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔