لاہور میں چوری ہوئی موٹرسائیکل کے مالک کو چالان موصول ہونے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت

چالان غلطی سے جاری ہوا، اصل موٹر سائیکل ٹریس کرلی گئی، سیف سٹی حکام


ویب ڈیسک December 15, 2025

لاہور:

رائیونڈ کے علاقہ میں چوری ہوئی موٹرسائیکل کے مالک کو چالان موصول ہونے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔

سیف سٹی حکام کے مطابق معاملہ سامنے آنے کے بعد سیف سٹی اور پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات کیں جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چالان غلطی سے رائیونڈ کے شہری کو جاری ہوا۔ 

حکام کے مطابق جس موٹرسائیکل  کا چالان ہوا اس کی نمبر پلیٹ پر نمبر واضح نہیں  تھا جس سے چالان غلط نمبر پر پہنچا۔ جس موٹرسائیکل کا چالان ہوا اسے ٹریس کرلیا گیا ہے۔

سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل مالک نے تسلیم کیا کہ موٹرسائیکل چالان کے وقت اسکا بیٹا چلارہا تھا۔ جس موٹرسائیکل کا چالان ہوا وہ  موٹر سائیکل LEO-19A-2022 ہے جسکا اونر محمد انور ولد عنائت علی ہے۔

مزید پڑھیں: پولیس موٹرسائیکل نہ ڈھونڈ سکی، شہری کو چالان پر چالان ملنے لگے

چالان غلطی سے موٹر سائیکل نمبر 2022-LEO-19 کے اونرعلی حمید  کو موصول ہوئے۔ واضح رہے کہ یہ موٹر سائیکل چوری ہوچکی ہے۔ شہری کی موٹر سائیکل 2024ء  میں چوری ہوئی تھی، جس پر شہری کی جانب سے تھانہ رائیونڈ میں فروری 2024ء  میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔

پولیس میں مقدمے کے باوجود شہری کو اپنی چوری شدہ موٹر سائیکل کے دو ای چالان موصول ہوئے جس پر شہری نے پولیس سے رابطہ کیا تھا۔

ای چالان کے مطابق چوری شدہ موٹر سائیکل لاہور ہی میں سڑکوں پر دوڑ رہی ہے، تاہم خود پولیس اس موٹر سائیکل کو تلاش کرنے میں بے بس یا پھر ناکام ہے، جس نے شہری کو دہری تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

مقبول خبریں