مانیٹری پالیسی جاری، شرح سود میں کمی کا اعلان

اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں 50 بیس پوائنٹس کی کمی کردی، مئی 2025ء سے تاحال شرح سود 11 فیصد مقرر تھی


ویب ڈیسک December 15, 2025
(فوٹو: فائل)

کراچی:

اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا جس کے تحت شرح سود میں 50 بیس پوائنٹس کی کمی کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں آئندہ ڈیڑھ ماہ کے لیے پالیسی ریٹ کا تعین کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 50 بیس پوائنٹس کی کمی کردی جس کے بعد شرح سود 11 فیصد کی سطح سے کم ہوکر 10.5 فیصد کی سطح پر آگئی۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ گزشتہ 4 جائزوں کے دوران 11 فیصد کی سطح پر برقرار رکھا گیا تھا۔

مئی 2025ء میں اسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے اسے 11 فیصد پر لایا تھا، جس کے بعد سے اب تک شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے افراط زر کو قابو میں رکھنے اور شرح مبادلہ کو مستحکم رکھنے کے لیے موجودہ مانیٹری پالیسی کو جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلیے سنگل ڈیجٹ شرحِ سود ضروری ہے ، صدر لاہور چیمبر

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے تاکہ کاروبار کو ریلیف ملے ۔ زیادہ شرحِ سود نے صنعت اور سرمایہ کاری کو شدید متاثر کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مہنگی فنانسنگ کے باعث کاروباری لاگت ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے۔ شرحِ سود میں کمی سے روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں ۔ مانیٹری پالیسی میں نرمی کے بغیر معاشی بحالی ممکن نہیں ہے۔ صنعت، تجارت اور ایس ایم ایز فوری ریلیف کے منتظر ہیں ۔

فہیم الرحمن سہگل کا کہنا تھا کہ زیادہ پالیسی ریٹ برآمدات کی مسابقت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ سرمایہ کاری کا پہیہ چلانے کے لیے شرحِ سود کم کرنا ناگزیر ہے ۔ کاروباری طبقہ پالیسی سازوں سے حقیقت پسندانہ فیصلوں کی توقع رکھتا ہے ۔ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سنگل ڈیجٹ شرحِ سود ضروری ہے۔

شرح سود میں کمی سے چھوٹے و درمیانے کاروبار زیادہ مستفید ہوں گے، وزیراعظم

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری اور عام آدمی کی بہتری کا پیش خیمہ قرار دیا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی اور سیکریٹری خزانہ اور ان کی ٹیم پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے کوششوں پر لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام ہے اور پاکستان ترقی کی سمت میں گامزن ہے معاشی استحکام کیلئے کاروباری برادری اور عوام نے قربانیاں دیں، الحمدللہ معاشی بہتری سے عوام کو جس قدر ممکن ہے، ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ شرح سود میں کمی اور قرضے کم لاگت پر ملنے سے چھوٹے و درمیانے پیمانے کے کاروبار سب سے زیادہ مستفید ہوں گے۔

مقبول خبریں