شہرہ آفاق فٹبالر لیونل میسی ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن ٹنڈولکر سے ملاقات کی۔
یہ تاریخی لمحہ شائقین کے لیے یادگار رہا کیونکہ کرکٹ اور فٹبال کے دو نمبر 10 لیجنڈز ایک ساتھ میدان میں نظر آئے۔
سچن ٹنڈولکر نے میسی کو اپنی 10 نمبر والی جرسی پیش کی، جو ان کی پہچان رہی ہے جبکہ میسی بھی ارجنٹینا کی نمائندگی کرتے ہوئے 10 نمبر کی جرسی پہنتے ہیں۔
اس موقع پر میسی نے بھی بدلے میں 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کا آفیشل فٹبال ٹنڈولکر کو تحفے میں دیا۔
ملاقات کے بعد سچن نے ایک پوسٹ ایکس پر شیئر کی جو منٹوں میں وائرل ہو گئی۔ پوسٹ میں دونوں کھلاڑیوں کی تصویر نے مداحوں کی توجہ سمیٹ لی اور کیپشن میں لکھا کہ "کہنا پڑے گا کہ آج 10/10 دن تھا"۔
اس سے قبل میسی نے اسٹیڈیم میں نمائشی پینلٹی اسکور کی اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل میں شریک ہوئے۔ انہوں نے مہاراشٹر حکومت کے پروجیکٹ ‘مہا-دیوا’ کا افتتاح بھی کیا، جس کا مقصد نوجوان فٹبالرز کو فیفا کی منظور شدہ اکیڈمیوں میں تربیت دینا ہے۔