پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہوگا، وزیراعظم

جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہباز شریف


ویب ڈیسک December 16, 2025

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہوگا۔

سانحہ آرمی پبلک ایس پشاور کی گیارہویں برسی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم ان شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے ایک عظیم آزمائش تھا، جس نے دلوں کو غم سے بھر دیا، مگر قومی حوصلے کو پست نہ کر سکا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ قومی یادداشت کا حصہ رہیں گی ۔ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کا حقیقی انصاف ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ آج جب پاکستان ایک بار پھر دہشت گردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو سانحۂ اے پی ایس اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج اس عہد کی تجدید کی جاتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پوری قوت کے ساتھ بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس جنگ کے تمام شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔

مقبول خبریں