کراچی:
لیاری نیا آباد میں رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑنے اور ایک جانب جھکنے کے واقعے کو مکینوں نے بلڈر مافیا کی شرارت قرار دے دیا۔
شہر میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد اطلاع ملی تھی کہ لیاری میں رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جس پر پولیس، فائر بریگیڈ، ایدھی اور 1122 ریکسیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تھیں، عمارت کے مکین بھی خوف زدہ ہو کر عمارت سے نکل آئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے نیا آباد لیاقت کالونی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب رہائشی عمارت بابا آرکیڈ میں دراڑیں پڑنے اور عمارت کے ایک جانب جھکنے کی اطلاعات پر اہل محلہ نے ایدھی فاؤنڈیشن کو 115 پر فون کر کے اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر ایمبولینس، ایدھی کے رضاکار، فائربریگیڈ، پولیس کی بھاری نفری اور ریکسیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی جبکہ عمارت کے مکین بھی خوف کے عالم میں عمارت سے باہر نکل آگئے۔
اطلاع ملنے پر میڈیا کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچنا شروع ہوگئیں جبکہ شہر بھر کے ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر عمارت میں دراڑیں پڑنے کی خبریں بھی نشر ہونا شروع ہوگئیں۔
حالات کو بدلتا دیکھتے ہوئے عمارت کے مکین نے بھی عمارت کے سیل ہونے کا سوچ کر اپنا ارادہ تبدیل کر لیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پورے شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے بعد کچھ دیر کے لیے لوگ عمارت سے باہر نکل آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ گھبراہٹ کا شکار ہوئے، تاہم ان کی عمارت میں سے چند رہائشیوں کے مطابق بلڈر مافیا کے کچھ عناصر نے جان بوجھ کر عمارت کو مخدوش قرار دینے کی افواہ پھیلائی۔
مکینوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے علاقے پر بلڈنگ مافیا کی نظر ہے اور اسی مقصد کے تحت افواہیں پھیلائی گئیں، صورتحال کلیئر ہونے کے بعد رہائشی اپنے گھروں میں واپس چلے گئے اور عمارت میں معمول کے مطابق رہائش جاری ہے۔