مائننگ کمپنی اور پی آئی بی ٹی کے مابین معاہدہ طے پاگیا ہے جسکے تحت ریکو ڈک سے نکلنے والی قیمتی دھاتیں پورٹ قاسم پر واقع بلک ٹرمینل سے ایکسپورٹ کی جائیں گی۔
پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ نے ریکو ڈک مائننگ کمپنی کے ساتھ تانبہ اور سونے کے کنسنٹریٹس کی ہینڈلنگ اور برآمدات کے لیے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ معاہدہ پی آئی بی ٹی اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے درمیان سپلیمنٹل امپلیمنٹیشن ایگریمنٹ پر دستخط کے بعد ممکن ہوا، جس کے تحت پی آئی بی ٹی کو تانبہ، سونا، معدنیات، دھاتیں اور دیگر قدرتی زمینی وسائل سمیت کاپر گولڈ کموڈیٹیز کو ہینڈل، ذخیرہ اور برآمد کرنے کی اجازت دے گا۔
ریکو ڈک دنیا کے سب سے بڑے تانبہ اور سونے کے کان کنی منصوبوں میں سے ایک ہے، جس سے پاکستان کی طویل المدتی معدنی برآمدات اور معاشی ترقی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ اس معاہدے کے تحت پی آئی بی ٹی ریکو ڈک کی معدنی پیداوار کے لیے مرکزی لاجسٹکس اور برآمدی گیٹ وے کے طور پر خدمات انجام دے گا۔
یہ شراکت داری پاکستان کے معدنی وسائل کو بروئے کار لانے اور عالمی کموڈیٹی مارکیٹس میں پاکستان کے مقام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی آئی بی ٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، شارق عظیم صدیقی نے حکومتِ پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل، وزارتِ بحری امور اور پورٹ قاسم اتھارٹی کا اس تاریخی منصوبے کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ PIBT اور پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، جو دنیا کے اہم ترین کان کنی منصوبوں میں سے ایک سے برآمدات کو ممکن بنائے گا اور قومی معاشی ترقی کی بنیاد ثابت ہوگا۔