اسلام آباد:
پاکستان نے سوڈان کے شہر کدوگلی میں اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں پر ہونے والے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سوڈان کے شہر کدوگلی میں ہونے والے حملے میں اقوام متحدہ کی عبوری سیکیورٹی فورس برائے ابیئی (UNISFA) کے تحت خدمات انجام دینے والے بنگلا دیش کے 6 امن اہلکاروں کے جاں بحق اور متعدد دیگر کے زخمی ہونے شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بنگلا دیش کی حکومت اور عوام سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس المناک گھڑی میں جاں بحق اہل کاروں کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن اہل کار دنیا بھر میں تنازعات کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور امن کے فروغ کے لیے صفِ اول میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان نے امن و استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان بلیو ہیلمٹس کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس بزدلانہ حملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن اہلکاروں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔