رمیزکوبورڈ میں قومی سوچ کی کمی نظرآنے لگی

آفیشلزاورعہدے پانے کے منتظرلوگ اپنے مفادات کے پیچھے بھاگتے ہیں


Sports Reporter April 20, 2020
اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کو معاف نہ کیا جائے،سابق کپتان فوٹو : فائل

رمیز راجہ کو پی سی بی میں قومی سوچ کی کمی نظر آنے لگی، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ بورڈ کے ساتھ وابستہ افراد اور عہدے پانے کے منتظر بیشتر افراد اپنے مفادات کے پیچھے بھاگتے ہیں،بھارتی آفیشلز اپنے ملک میں کرکٹ کی بہتری کیلیے دل و جان سے کوشش کرتے ہیں،ایمانداری نہ ہو تو کبھی درست سمت میں سفر شروع نہیں ہو سکتا۔

تفصیلات کے مطابق ''ایکسپریس نیوز'' کے پروگرام اسپورٹس پیج میں میزبان مرزا اقبال بیگ سے گفتگو میں رمیز راجہ نے کہا کہ پی سی بی سے وابستہ افراد اور عہدے پانے کے منتظر بیشتر افراد قومی سوچ نہیں رکھتے، وہ اپنے مفادات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہیں، دوسری طرف بھارت میں دیکھیں تو وہ اس لیے کامیاب ہیں کہ عہدیدار اپنے ملک میں کرکٹ کی بہتری کیلیے سرگرم رہتے ہیں،ہمارے برعکس وہ دل و جان سے کوشش کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سابق کرکٹرز کو میدان میں کھیل کے تجربے کی بنیاد پر بورڈ میں لینا چاہیے،ان کو مناسب تربیت اور علم دے کر اچھے منتظمین میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

ایک سوال پر رمیز راجہ نے کہا کہ پرستاروں اور معاشرے کو مل کر دباؤ بڑھانا چاہیے کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کو معاف نہ کیا جائے، اگر ایک بار ہوتا تو کچھ اور بات تھی، یہاں تو ہر سیزن میں ایسا ہونے لگا جو بڑا مایوس کن ہے،اگر افراد اور سسٹم میں ایمانداری نہ ہو توکبھی درست سمت میں سفر شروع نہیں ہوسکتا۔یاد رہے کہ رمیز راجہ نے چند روز قبل بھی اپنے انٹرویو میں فکسنگ کو کرکٹ کیلیے زہر قاتل قرار دیتے ہوئے بورڈ حکام کی جانب سے بار بار لچک کا مظاہرہ کیے جانے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مقبول خبریں