ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کی سعیدغنی سے ملاقات ایس اوپیز پراتفاق

ریسٹورنٹس کو صبح 8بجے سے شام 5بجے تک صرف ڈلیوری دینے کی اجازت ہوگی


Staff Reporter April 21, 2020
ریسٹورنٹس کو صبح 8بجے سے شام 5بجے تک صرف ڈلیوری دینے کی اجازت ہوگی۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ اورآل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (اپرا) کے درمیان کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لیے ایس اوپیز پراتفاق ہوگیاہے۔

حکومت سندھ اورآل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے درمیان کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لیے ایس اوپیز پراتفاق ہوگیاہے جس کے تحت ریسٹورنٹس کو صبح 8بجے سے شام 5بجے تک صرف ڈلیوری دینے کی اجازت ہوگی جبکہ انھیں این او سی لینے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ یہ یقین دہانی سندھ حکومت کی تاجروں سے مشاورت کے لیے قائم کمیٹی کے رکن، وزیرلیبر سعید غنی نے آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کورونا کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں اپرا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے اور سندھ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے کیونکہ معیشت دوبارہ بحال ہوسکتی ہے مگر قیمتی انسانی جانیں واپس نہیں لائی جاسکتیں۔

انھوں نے اپرا کی جانب سے لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران ریسٹورنٹس کو دن 11بجے سے رات 12بجے اورماہ رمضان میں شام 4بجے سے صبح 5بجے تک ڈیلیوری اور ٹیک اوے کی اجازت دینے کی درخواست کے جواب میں کہا کہ سندھ حکومت ایس اوپیزکو مدنظر رکھتے ہوئے اس حوالے سے جائزہ لے گی۔ انھوں نے ٹیکس ریلیف پیکیج اور کرائے معاف کروانے کے حوالے سے بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اپرا کے کنوینراطہر چاؤلہ نے صوبائی وزیر سے درخواست کی کہ لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران دن11بجے سے رات12بجے تک ڈیلیوری کے ساتھ ٹیک اوے کی بھی اجازت دی جائے کیونکہ فی الوقت صرف ڈلیوری کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ماہ رمضان میں لاک ڈاؤن جاری رہنے کی صورت میں شام 4بجے سے صبح5بجے تک ڈیلیوری کے ساتھ ٹیک اوے کی اجازت دی جائے۔ اپرا نے ٹیکسوں میں ریلیف دینے اور کرائے معاف کروانے کی بھی درخواست کی۔

 

مقبول خبریں