بھارت میں ماسک نہ پہننے پر بکرا گرفتار

لوگ اپنے کتوں کو ماسک پہنا رہے ہیں تو بکرے کو کیوں نہیں پہنایا جا سکتا، پولیس کی منطق


ویب ڈیسک July 27, 2020
دوبارہ ماسک پہنے بکرے کو باہر نہ نکالنے کی تنبیہ کے بعد بکرا مالک کے حوالے کردیا گیا، فوٹو : فائل

بھارتی پولیس نے ماسک نہ پہننے پر ایک بکرے کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور میں پولیس نے معمول کے گشت کے دوران ایک بکرے کو بغیر ماسک پہننے گھومتا دیکھا تو گرفتار کرکے تھانے لے گئے۔ بکرے کے مالک نے تھانے پہنچ کر رہائی کی استدعا کی تو اس شرط پر کہ دوبارہ بکرے کو ماسک کے بغیر سڑک پر نہیں چھوڑا جائے گا، بکرا مالک کے حوالے کردیا گیا۔

بھارت میں ہر شخص پر ماسک پہننا لازم ہے اور خلاف ورزی پر جرمانہ بھی کیا جاتا ہے لیکن جانوروں پر یہ پابندی لاگو نہیں۔ سوشل میڈیا پر پولیس کے اس رویے پر احتجاج کیا گیا تو بیکن گنج پولیس اسٹیشن نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے وضاحت کی کہ بکرے کا مالک ماسک پہنے گھوم رہا تھا اس کی گرفتاری کے لیے بکرے کو تھانے لایا گیا تھا۔

قبل ازیں پولیس تھانے کے سرکل افسر سیف الدین نے بھارتی خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کو بتایا تھا کہ اب تو لوگ اپنے کتوں کو بھی ماسک پہنا رہے ہیں تو بکرے کو کیوں نہیں پہنایا جاسکتا۔

مقبول خبریں