بلاول کرپشن پر بات کرنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے، شبلی فراز

ویب ڈیسک  جمعرات 30 جولائی 2020
چیئر مین پیپلزپارٹی اور ان کے خاندان کے صادق و امین ہونے پر کئی سوال ہیں، شبلی فراز۔ (فوٹو، اے پی پی)

چیئر مین پیپلزپارٹی اور ان کے خاندان کے صادق و امین ہونے پر کئی سوال ہیں، شبلی فراز۔ (فوٹو، اے پی پی)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کرپشن پر بات کرنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور ان کے خاندان کے صادق اور امین ہونے پر بہت سوال ہیں۔ بلاول عوام کو ضرور بتائیں کے سرے محل کس طرح خریدا؟ سوئس اکاونٹس کا کیا بنا؟ اومنی گروپ کے لئے منی لانڈرنگ کس نے کی؟

شبلی فراز نے کہا کہ ان سوالات کے جوابات کے لئے بلاول کو دور نہیں جانا پڑے گا انھیں ان سوالات کا جواب اپنے خاندان  ہی میں  مل جائے گا۔ بلاول یا تو لا علم ہیں یا سب کچھ جانتے ہوئے جھوٹ بولتے ہیں۔ وہ کرپشن پر بات کرنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان وہ لیڈر ہیں جنہوں نے سیاست میں آنے سے پہلے سماجی خدمت کی۔ عمران خان نے جو اثاثے بنائے وہ ایمان داری سے بنائے، پوری منی ٹریل دی۔ عدالت نے عمران خان کو صادق اور آمین کا ٹائیٹل دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور عمران خان بلاول کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ بلاول اپنی پارٹی کی کارکردگی پر توجہ دیں، سارے پاکستان نے دیکھ لیا کے کراچی کی کیا حالت ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔