کراچی میں بارش کے دوران بدترین ٹریفک جام سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں

پیشگی اطلاع کے باوجود مرکزی شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کے لیے انتطامات نہیں کیے گئے، شہریوں کا شکوہ


Staff Reporter August 06, 2020
برسات کے دوران اور بعد میں شہر کی مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ (فوٹو: اسٹاف)

شہر میں بارش کے دوران مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں بارش کے بعد حسب روایت مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کے باعث شہریوں اعصاب شکن صورت حال میں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جبکہ ٹریفک جام میں کئی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے انھیں دوہری پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ موسلا دھار بارشوں کی پیشگی اطلاع اور اس سے قبل بارشوں میں شارع فیصل کے کچھ مقامات پر پانی جمع ہونے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے ایسے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

Karachi Trafffic jam

ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی رین ایمرجنسی کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے اور برسات کے بعد شارع فیصل ، کارساز ، بلوچ کالونی ایکسپریس وے ، قیوم آباد چورنگی ، رمپا پلازہ سے گل پلازہ ، حسن اسکوائر ، نیپا ، یونیورسٹی روڈ ، ٹیپو سلطان روڈ ، سمیت مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقامات پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار سڑکوں پر موجود رہے۔

مقبول خبریں