شہباز شریف کی منموہن سنگھ سے ملاقات مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور

دونوں ممالک میں سےکوئی بھی تصادم کامتحمل نہیں ہوسکتا،شہباز،بھارتی وزیراعظم کودورہ پاکستان کی دعوت


Net News/Numainda Express December 13, 2013
نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے پرائم منسٹر ہائوس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ملاقات کررہے ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے دہلی میں بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کی اور بھارتی وزیراعظم کو وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا، ملاقات میں توانائی، تجارت، صحت اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انھوں نے باہمی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو لڑائی جھگڑے ختم کر کے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے، دونوں ممالک کے عوام کا مستقبل امن سے وابستہ ہے، پاکستان اور بھارت دونوں میں سے کوئی ملک تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا، میں اپنے شاندار خیرمقدم پر بھارتی قیادت کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم نوازشریف کے خیرسگالی کے پیغام میں کہا گیا تھا کہ بھارتی حکومت پاکستانی حکومت اور عوام کو دوستی کے سفر میں ہرمرحلے پر ساتھ پائے گی۔ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر، خارجہ امور پر وزیر اعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی، پاکستان کے ہائی کمشنر سلمان بشیر اور صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت خطے میں پائیدار اور مستقل امن کی خواہاں ہے اور بھارت کے ساتھ تمام مسائل افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ آرام دہ زندگی' علاج کی بہتر سہولتں اور عوام کے لیے اچھی تعلیم' دونوں ملکوں میں بسنے والے عام آدمی کا خواب ہے چنانچہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے اپنی ذمے داریاں ادا کریں۔ ترقی و خوشحالی کا یہ خواب وسائل کا رخ عام آدمی کی طرف موڑے بغیر پورا نہیں کیا جا سکتا۔ بی بی سی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کے دوران باہمی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر دونوں ملک اپنے اختلافات ختم کر لیں تو وہ غربت کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ آپ کی آمد پر دلی مسرت ہوئی ہے، پاکستانی پنجاب میں تعمیر و ترقی کا کام قابل تحسین ہے۔ این این آئی کے مطابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو تعلقات بحال کرنے کی ضرورت ہے۔







 

تعلقات کی بہتری سے دونوں ملکوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر فائند ہوگا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق شہبازشریف اور بھارتی وزیر اعظم نے پاک بھارت تجارت کو فروغ دینے کے علاوہ جامع امن مذاکرات شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات میں پاکستان آنے کی دعوت دی۔ بھارت کے سرکاری ذرائع کے مطابق یہ ایک ''کرٹسی'' ملاقات تھی جس میں کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے جامع مسجد میں نماز ادا کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامع مسجد دہلی میں حاضر ہونا میرے لیے سعادت ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں سے کئی سیاسی اور دینی تحریکیں پروان چڑھیں۔ مجھے آج بھی مسجد کے درودیوار آزادی سے پہلے کے مسلمانوں کے عظیم قائدین کی آوازوں سے گونجتے محسوس ہو رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں بسنے والے مسلمان ایک ہی طرح کے مسائل سے دوچار ہیں لیکن انھیں پوری محنت اور صلاحیتوں کے ساتھ اس صورتحال سے نکلنے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم قرآن حکیم میں اللہ تعالی کے بتائے ہوئے دیانت' صداقت اور خلوص نیت کے اصول اپنا لیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اس صورتحال سے نہ نکل سکیں۔ اس موقع پر جامع مسجد دہلی کے امام احمد شاہ بخاری نے وزیراعلی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اور پاکستان کے مسلمانوں کی خوشحالی کے لیے دعاگوہیں۔ انھوں نے اس موقع پر خطے میں امن اور دونوں ملکوں کی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے لیے دعا بھی کرائی۔ واضح رہے کہ وزیراعلی شہباز شریف بھارتی وزیراعلی پنجاب پرکاش سنگھ کی دعوت پر بھارت گئے ہیں، وہ کل کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

مقبول خبریں